نئی دہلی  (ویب ڈیسک)

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 273810 نئے کیسزسامنے آگئے ۔اس طرح ملک میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 15061919 ہوگئی ہے۔ بھارت میں اسی عرصہ کے دوران کورونا سے 1619 سے نئی اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 178769 ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا  کے مطابق ملک میں ایکٹیو کورونا کیسز کی کل تعداد 1929329 ہے اور کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 12953821 ہے،علاوہ ازیں  سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کورونا کے معاملات میں اضافہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو خط تحریر کرکے کہا کہ وبا کنٹرول کرنے کے لئے ٹیکہ کار ی مہم میں تیزی لانا ضروری ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے اس سلسلہ میں مسٹر مودی کو تحریر کردہ خط میں کہا کہ کورونا کی دوسری لہر زیادہ متاثر کررہی ہے اس لئے اس وبا سے نپٹنے کے لئے ٹیکہ کاری مہم کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں مسٹر مودی کو مشورہ دیا کہ حکومت کو ٹیکہ کاری میں تیزی لانے کے ساتھ ہی اس کی کمی کو دور کرنے کے اقدامات بھی کرنا چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا کے ٹیکہ کی تیاری بڑھانے کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں شفاف طریقہ سے ان کی تقسیم کا انتظام بھی کیا جانا چاہئے اور کورونا ٹیکہ کاری کے لئے مقررہ عمر کی حد میں نرمی دینے کا بندوبست کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اسکول، استاد، بس ڈرائیور، آٹو ڈرائیور، ٹیکسی ڈرائیور، میونسپل کارپوریشنوں، ایئر پنچایتوں میں کام کرنے والے ملازمین وکیل وغیرہ عام لوگوں کے رابطہ میں زیادہ رہتے ہیں اس لئے ان پیشوں سے منسلک 45سال سے کم عمر کے لوگوں کو کورونا ٹیکہ لگایا جانا چاہئے۔