نئی دہلی (ویب ڈیسک)
کورونا وبا کی دوسری لہرکے دوران بھارت میں ایک دن میں 3 لاکھ 15 ہزارسے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دنیا بھرمیں جاری کورونا وبا کی دوسری لہر نے تباہی مچادی ہے، جہاں کچھ ممالک میں وبا سے متاثرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے تین لاکھ 15 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں یومیہ متاثرین کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
کیسزمیں بدتریج اضافے کے باعث بھارت کے اسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ شہروں کے اسپتالوں میں افراتفری کا عالم ہے جب کہ اسپتال پوری طرح بھرچکے ہیں۔
دوسری جانب بھارت میں کورونا سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظردلی ہائی کورٹ نے حکومت کوآکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فرق نہیں پڑتا، بھیک مانگیں، قرض لیں یا چوری کریں لیکن اسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نے بھی ریاستوں پر زور دیا تھا کہ کورونا پرقابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیا جائے تاکہ ملک میں لاک ڈاؤن لگانے کی صورتحال پیدا نہ ہوسکے۔