راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی لاگت میں 25ارب روپے اضافہ ،وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

رنگ روڈ منصوبے میں بعض نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے حق میں دوبارہ حد بندی کا بھی انکشاف ہوا ہے

 وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو منصوبے کی تحقیقات کی ہدایت جاری کردیں

بااثر سیاستدانوں اورمفاد پرست گروپس کے کہنے پر نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کو فائدہ دینے کے لیے حدبندی تبدیل کردی گئی،ذرائع

راولپنڈی( ویب  نیوز)رنگ روڈ منصوبے کی لاگت میں 25 ارب روپے اضافے کے انکشاف کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا۔ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بعض نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے حق میں دوبارہ حد بندی اور منصوبے کی لاگت میں 25 ارب روپے اضافے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو منصوبے کی تحقیقات کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بااثر سیاستدانوں اورمفاد پرست گروپس کے کہنے پر نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کو فائدہ دینے کے لیے حدبندی تبدیل کردی گئی ہے، 85 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر پر ابتدائی تخمینہ تقریبا 40 ارب روپے تھا، تاہم وزیراعظم کو منصوبے کے تخمینے میں 25 ارب روپے کا اضافے کی اطلاعات ملیں، جس پر وزیراعظم نے نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ تحقیقات کی جائیں گی کہ کن وجوہات اور کس کے کہنے پر اصل منصوبہ تبدیل کیا گیا اور بتایا جائے کہ منصوبے میں تبدیلی سے کس کس کو فائدہ پہنچا، ماسٹر پلان میں غیر قانونی تبدیلی میں ملوث اہلکاروں اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔