ڈھاکا (ویب ڈیسک)

کورونا وائرس کی خراب صورتحال کے باعث بنگلا دیش نے بھی بھارت کے ساتھ اپنی سرحد بند کردی ہے۔

بنگلا دیش نے کورونا وائرس کی بدتر صورتحال کے باعث بھارت کے ساتھ 14 دن کے لیے سرحد بھی بند کرنے کا اعلان کیاہے، بنگلادیشی وزیر خارجہ عبدل میمن نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ کورونا کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے سرحد بند کی جارہی ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت جاری رہے گی۔

بنگلادیش وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے تین مقامات پر سرحد کھلی رکھی ہوئی جہاں سے بنگلا دیش کے شہری کووڈ کی منفی رپورٹ دکھا کر واپس آسکتے ہیں۔ دوسری جانب تھائی لینڈ اور نیدرلینڈ نے بھی بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں جب کہ بنگلادیش پہلے ہی بھارت کے ساتھ فضائی سفر پر پابندی عائد کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مزید  2 ہزار 812 مریض جان کی بازی ہار گئے۔