پشاور (ویب ڈیسک)
پشاور پولیس نے کورونا وائرس کے نافذ العمل ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پشاور میں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کارکنوں کے ہمراہ افطارپارٹی میں شریک ہوئے۔ افطار پارٹی پشاور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر پارٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیرصحت تیمور سلیم جھگڑا، ہوٹل مالک اور منیجر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ہوٹل کو بھی سیل کردیا گیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر افطار پارٹی کی وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خود صوبائی وزیر صحت بھی ماسک کے بغیر موجود ہیں، جب کہ ان کے ارد گرد بیٹھے افراد کی اکثر بھی ماسک کے بغیر موجود ہے۔ ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ ہم سے صرف ریسٹورنٹ کھولنے کی درخواست کی گئی تھی، پی ٹی آئی رہنما اپنے ساتھ باورچی اور کھانے کا سامنا لے کر آئے تھے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ قانون سے بالا تر کوئی نہیں جو بھی حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرے گا ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔