ٹو سٹار شوگر ملز کے خلاف کارروائی پر شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ کو ہٹا دیا گیا

کمیشن وفاقی وزیر خسروبختیار کو ٹوسٹار شوگر ملز میں13کرو ڑ روپے کے شیئرز رکھنے کے معاملہ پر طلب کرنا چاہتا تھا

اسلام آباد (ویب  نیوز)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسروبختیار کے خاندان کی ملکیت ٹو سٹار شوگر ملز کے خلاف کارروائی پر شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر رضوان کو کمیشن کی سربراہی سے ہٹایا گیا ۔کمیشن نے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسروبختیار کو ٹوسٹار شوگر ملز میں13کرو ڑ روپے کے شیئرز رکھنے کے معاملہ پر طلب کرنا چاہتا تھا  جبکہ کمیشن نے گذشتہ ماہ29تاریخ کو شوگر سکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار جہانگیر خان ترین کی گرفتاری کی بھی اجازت مانگی تھی جبکہ397اکائونٹس کی فارنزک تحقیقات کے نتیجہ میں کمیشن کی جانب سے دو دیگر حکومتی عہدیداروں کے خلاف بھی تحقیقات یا ان کی گرفتاری کی اجازت مانگی جانی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس وقت تک مجموعی طور پر 12شوگر ملز مالکان کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی گئی ہیں، جن میں سے تین جہانگیر ترین اور ایک پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کے خاندان کے خلا ف ہے جبکہ شوگر تحقیقاتی ٹیم رواں ہفتے مزید پانچ شوگر ملز مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کرنے والی تھی۔