وزیراعظم نے جہانگیر ترین کے حامیوں پرواضح کردیا ایف آئی اے کو نہیں روکا جائے گا، فواد چوہدری
جو پارٹی انصاف اور احتساب کے نام پر وجود میں آئی ہو وہ اپنے اور دوسروں کیلئے انصاف کے دہرے معیار نہیں رکھ سکتی
وینٹی لیٹر زسے متعلق شاید شبلی فراز کو ابھی تک پریزینٹیشن مکمل نہیں ملی، تمام سرٹیفیکیشن کے ذریعے ہی وینٹی لیٹر کا کام چلتا ہے، وزیر اطلاعات
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں،زیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی سے ملاقات میں واضح کردیا کہ ایف آئی اے کو تحقیقات سے نہیں روکا جائے گا،انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کے حامی ارکان پارلیمان کی ملاقات پروزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو پارٹی انصاف اور احتساب کے نام پر وجود میں آئی ہو وہ اپنے اور دوسروں کیلئے انصاف کے دہرے معیار نہیں رکھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے متعلق کچھ ایم این ایز نے وزیراعظم کو اپنا موقف بتایا، جس طرح دیگر لوگوں نے ٹرائل کا سامنا کیا ہے ویسے ہی پارٹی کے لوگوں کو بھی کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے صاف طور پر کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کے حامی ارکان پر کو بتایا گیا کہ جو پارٹی انصاف اور احتساب کے نام پر وجود میں آئی ہو، وہ اپنے اور دوسروں کے لیے انصاف کے دہرے معیار نہیں رکھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایم این ایز نے بعض حکومتی شخصیات سے متعلق شکایت کی، سینیٹر علی ظفر بعض شخصیات سے ایم این ایز کو ہونے والی شکایت پر رپورٹ تیار کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کہہ دیا ہے کہ ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو جہانگیر ترین سے نرمی برتنے کا نہیں کہا جائے گا، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وینٹی لیٹر زسے متعلق شاید شبلی فراز کو ابھی تک پریزینٹیشن مکمل نہیں ملی، تمام سرٹیفیکیشن کے ذریعے ہی وینٹی لیٹر کا کام چلتا ہے، شبلی فراز کو کمپنیوں سے وینٹی لیٹر سے متعلق پریزینٹیشن لینی چاہیے، ہمارے پاس وینٹی لیٹرز کی کمی ہوتی تو آج حالات حکومت کے کنٹرول میں نہ ہوتے۔