آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کاعام انتخابات2021کیلئے ایکشن پلان جاری
نوٹیفکیشن کے مطابق سیاسی پارٹیوں کی رجسٹریشن 15مئی تک کی جائے گی،مئی کے آخر تک انتخابی فہرستیں پرنٹ کی جائیں گی
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر،ریٹرننگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کیے جائیں گے
جون میں الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا اورانتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا جائے گا
ریٹرننگ آفیسر تقرری کے فوری بعد حلقہ وائز پولنگ سکیم مرتب کر کے کمیشن یا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو بغرض منظوری پیش کریں گے
مظفرآباد(ویب نیوز) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات2021کیلئے ایکشن پلان جاری کر دیا، الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سیاسی پارٹیوں کی رجسٹریشن 15مئی تک کی جائے گی،مئی کے آخر تک انتخابی فہرستیں پرنٹ کی جائیں گی اوراس دوران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر،ریٹرننگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کیے جائیں گے ۔ جون میںالیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا اورانتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا جائے گا۔ریٹرننگ آفیسر تقرری کے فوری بعد حلقہ وائز پولنگ سکیم مرتب کر کے کمیشن یا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو بغرض منظوری پیش کریں گے۔ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے تیار کردہ پولنگ سکیم سے متاثرہ کوئی بھی شخص ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے پاس اپیل دائر کر سکتا ہے اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلہ کے خلاف دوسری اپیل کمیشن کے پاس دائر کر سکتا ہے۔ پولنگ والے دن سے کم از کم پندرہ دن قبل حتمی پولنگ سکیم سرکاری گزٹ میں شائع کرنا ہوگی۔ جولائی میں الیکشن شیڈول کے مطابق امیدواران کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ، بیلٹ پیپر کی طباعت کی جائے گی اور انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے سکیورٹی کے انتظامات اٹھائے جائیں گے۔ الیکشن سے پندرہ روز قبل ریٹرننگ آفیسر صاحبان پولنگ سٹاف تعینات کرنے کے پابند ہو ں گے ۔ جولائی میں ہی بمطابق شیڈول انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کے بعد دائر ہونے والی الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے چیف الیکشن کمشنر ،چیف جسٹس عدالت العالیہ کی مشاورت سے مطابق قانون الیکشن ٹریبونل کا تقرر کریں گے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ بندیاں مکمل کر لی گئیں ہیں تاہم اس سلسلہ میں عدالت میں رٹ پٹیشن زیر کار ہیں اور عدالت کے فیصلہ کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ یہ بات ترجمان آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتائی گئی ہے۔