اپیکس کمیٹی اجلاس’لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مکمل لاک ڈائون کی تجویز
8 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں بھی پابندیاں سخت کرنے پر اتفاق کیا گیا
آکسیجن کی سپلائی کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا بھی فیصلہ
شرکا ء کا کورونا کے بڑھتے کیسز، شرح اموات، کورونا ایس او پیز پر موثر عملدرآمد نہ ہونے پر تحفظات
عسکری قیادت کی سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی ،فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق
لاہور(ویب نیوز) اپیکس کمیٹی پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مکمل لاک ڈائون کی تجویز دے دی۔ اجلاس میں 8 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں بھی پابندیاں سخت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز، شرح اموات، کورونا ایس او پیز پر موثر عملدرآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے شاندار خدمات پر ہیلتھ پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور اور بڑے شہروں میں ہسپتالوں کو صرف کورونا کیلئے مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ آکسیجن کی سپلائی کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گی اور فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر انتظامی اقدامات کے ذریعے موثر عملدرآمد کرایا جائے گا۔