شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تجویز مسترد کر دی
انتخابی اصلاحات کا حساس کام پوری قوم کی منشا اور اعتماد سے ہوتا ہے،ملکی ساکھ قانون کی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے
الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تمام دنیا نے مسترد کر دیا، الیکشن کمیشن اسے ناقابلِ عمل قرار دے چکا ہے،شہباز شریف
لاہور(ویب نیوز)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کر دی۔ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تمام دنیا نے مسترد کر دیا، الیکشن کمیشن اسے ناقابلِ عمل قرار دے چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا حساس کام پوری قوم کی منشا اور اعتماد سے ہوتا ہے، یہ اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت، عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاقِ رائے سے ممکن ہوتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ نے 2018 میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی اصلاحات کی تھیں، ہمارے دور میں ہونے والی انتخابی اصلاحات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ سب کے اتفاقِ رائے کا مظہر اور دستخط شدہ انتخابی اصلاحات کی وہ تاریخی دستاویز آج بھی موجود ہے جس وقت اپوزیشن مثبت تجاویز اور میثاقِ معیشت کی بات کر رہی تھی تو این آر او کا شور کر کے ان کی توہین کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات ہم کر سکتے ہیں، سیاسی مخالفین کو ساتھ لے کر چلنے، ان کی تجاویز کو اپنانے کا حوصلہ ہم میں ہے ۔انہوںنے مزید کہا ہے کہ ملک کی ساکھ انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے بجائے تباہ معیشت، مہنگائی اور بے روزگاری سے مرتے عوام کی فکر کریں۔