اسلام آباد (ویب ڈیسک)

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اسلام آباد کے وکلاء سے ایف ایٹ فٹ بال گرائونڈ خالی کروانے کے لئے دی گئی دو ماہ کی مدت ختم ہو گئی جبکہ تاحال وکلاء کی جانب سے ازخود یہ گرائونڈ خالی نہیں کیا گیا جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ سی ڈی اے حکام آئندہ دو روز کے دوران آپریشن کرکے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عملدرآمد کرائے گی اور یف ایٹ فٹ بال گرائونڈ پر وکلاء کی جانب سے غیرقانونی طور پر تعمیر شدہ چیمبرز کو گرادیا جائے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے دو مارچ کو دو ماہ کے وکلاء کو فٹ بال گرائونڈ خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے فٹ بال گرائونڈ خالی کرنے کے حکم کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی گئی ۔ بار کی جانب سے دائر کی گئی نظرثانی درخواست ابھی سپریم کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سی ڈی اے کو حکم دیا تھا کہ اگر وکلاء دوماہ کے اندر غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ چیمبرز خالی نہیں کرتے تو پھر یہ چیمبرز گرادیئے جائیں۔ وکلاء کی جانب سے ایف ایٹ فٹ بال گرائونڈ پر 200سے زائد چیمبرز تعمیر کئے گئے ہیں ۔