رپورٹ 20 منٹ میں ملے گی جبکہ رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچ پر قرنطینہ کرنا ہوگا،وزارت صحت

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا ائیر پورٹس پر ریپڈ ٹیسٹ شروع ہوگیا جس کے لیے اسلام آبادمیں تین قرنطینہ سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ مسافروں کے رییپڈ ٹیسٹ کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں مختلف ائیرپورٹس پر تعینات کر دی گئیں۔وزارت صحت کے مطابق رپورٹ 20 منٹ میں ملے گی جبکہ رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچ پر قرنطینہ کرنا ہوگا۔ اسکے بعد 8دن بعد مسافر کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور ٹیسٹ منفی آنے پر ہی مسافر کو گھر جانے کی اجازت ہوگی۔این سی او سی کی ہدایت پر اسلام آباد میں اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی دو نجی ہوٹلز اور ریسٹ ہائوس میں قرنطینہ سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے۔وزارت صحت نے قرنطینہ سینٹرز میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ تعینات کر دیا۔ وائرس کے پھیلائو کے باعث کیٹیگری سی میں شامل 23 ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی میں توسیع بھی کردی گئی۔دوسری جانب کرونا کی روک تھام کے لیے سی اے اے کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ پر اقدامات کر لیے گئے۔ڈپٹی ائیرپورٹ منیجر کے مطابق بیرون ملک سے آنے والوں کی طبی جانچ شروع کر دی، ریپڈ انٹیجنٹ ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے لیے جائیں گے۔ مسافروں کو سی اے اے کا عملہ ٹوکن فراہم کرے گا۔