سری نگر (ویب ڈیسک)
مقبوضہ وادی میں قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں وادی میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، بھارتی فوج نے تینوں نوجوانوں کو ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا۔
بھارتی فوج کے اہلکاروں نے ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور گھروں میں گھس گئے جب کہ اس دوران علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے جب کہ انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر موبائل سروس کو بھی معطل کردیا ہے، اس کے علاوہ میڈیا کو بھی علاقے میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔