پشاور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے موبائل کورونا ویکسی نیشن سروس کا افتتاح کر دیا۔ 60 سال اور زائد عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں تین گاڑیاں پشاور کے مضافاتی علاقوں میں چلائی جائیں گی، موبائل ویکسی نیشن منصوبے کو جلد دیگر اضلاع تک توسیع دی جائیگی، بزرگ شہری جو کہ ہسپتالوں تک نہیں جاسکتے یا کورونا وباء کے باعث ہسپتال نہیں جانا چاہتے، ان کی اپنے علاقے میں ویکسینیشن کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار افراد کی کورونا سے بچاؤ ویکسی نیشن کی جا رہی ہے، آئندہ ماہ کے لیے روازنہ 60 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر ہے، جسے مستقبل قریب میں 1 لاکھ تک بڑھایا جائے گا، اب تک صوبہ بھر میں ڈھائی لاکھ سے زائد شہریوں کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔