نیویارک (ویب ڈیسک)
اقوام متحدہ نے چھ پاکستانیوں سمیت اپنے 336 اہلکاروں کو اعزازات سے نوازا ہے جنہوں نے گزشتہ سال فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس سمیت شرکاء نے آن لائن ہونے والی یاد گاری تقریب میں ان شہریوں اور امن فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جو گھنائونے حملوں، قدرتی آفات اور دوسرے واقعات میں مارے گئے ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی ادارے کی تاریخ میں دو ہزار بیس جیسا کوئی سال نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایک جان لیوا وبا کا سامنا ہے جس سے شدید مصائب و مشکلات درپیش ہیں اورلاکھوں خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔انتونیو گوٹریس نے کہا کہ دو ہزار بیس میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ عملے کی سلامتی اور تحفظ سے متعلق اقدامات کو بہتر بنانے کا عمل جاری رہے گا