شہبازشریف نے بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کی درخوست نہیں دی،فواد چوہدری
بلیک لسٹ میں نام ڈالنا یا نکالنا ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کا اختیار ہے،ٹویٹ
ن) لیگ کا ایف ائی اے کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا امکان
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کی کوئی درخوست نہیں دی ، بلیک لسٹ میں نام ڈانا یا نکالنا ڈی جی ایف آئی اے کا اختیار ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلیک لسٹ میں نام ڈالنا یا نکالنا ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کا اختیار ہے، شہباز شریف کے وکلا کی طرف سے عدالتی فیصلے کی بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کی ابھی تک کوئی درخواست ڈی جی ایف آئی اے کو نہیں دی گئی ، صرف زبانی باتوں پر ریکارڈ میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی، حکومت اس فیصلے کیخلاف عدالت کو رجوع کرے گی۔
مسلم لیگ ن نے پارٹی صدر شہباز شریف کو ایف آئی اے کی جانب سے آف لوڈ کیے جانے پر سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے ایف ائی اے کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا قوی امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن سے سلمان شہباز کا شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔ شہبازشریف اور سلمان شہباز میں آف لوڈ کیے جانے پر مشاورت کی گئی۔خاندانی ذرائع کے مطابق لندن سے سلمان شہباز کا شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں باپ بیٹے کے درمیان آف لوڈ کیے جانے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ سلمان شہباز نے والد کو معاملہ عدالت میں چیلنج کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق قانونی معاملات کلئیر ہونے کے بعد کے معاملات پر بھی دونوں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ لندن روانگی کے لیے سلمان شہباز اور شہباز شریف کے درمیان مختلف آپشنز بھی زیر غور آئے۔ آئندہ ایک دو روز میں فلائٹ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اسپشل طیارے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔لیگی ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کیخلاف توہینِ عدالت کی کاروائی کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حتمی فیصلہ وکلا سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو ایئرپورٹ پر روکنا انتہائی قابل مذمت ہے ؟۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میںکہا کہ جعلی حکومت کی طرف سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ائیرپورٹ پر روکنا انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کو روکنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کتنی خوفزدہ ہے ؟۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے شہباز شریف کو سسٹم میں بلیک لسٹ ہونے کے باعث قطر روانگی سے روک دیا ۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو لاہور سے دوحہ جانے سے قبل ایئرپورٹ پر موجود ایف آئی اے امیگریشن اہلکار نے انہیں روک کر دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے واپس اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹائون پہنچ گئے۔شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر امیگریشن اہلکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر ہے اور ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی گئی جس پر انہیں بتایا گیا کہ امیگریشن سسٹم پر کلیئرنس اپ ڈیٹ ہونے تک آپ ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے امیگریشن حکام کو عدالتی فیصلہ دکھایا اور پڑھ کرسنایا ۔ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے شہباز شریف کا نام تاحال بلیک لسٹ سے نہیں نکالا گیا، سسٹم میں کلیئرنس جاری نہیں ہوئی، امیگریشن سسٹم میں اپ ڈیٹ نہ ہونے سے انہیں آف لوڈ کردیا گیا لہذا نام کلئیر ہونے پر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔