لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی معافی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ جیل مینول کو وقت کے نئے تقاضوں کے مطابق تبدیل کیا جائے گا۔
سزاؤں میں دو ماہ کی معافی سے سینکڑوں قیدیوں کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔ سزاؤں میں دو ماہ کی معافی سے سینکڑوں قیدی عیدالفطر اپنے گھروں میں اہل خانہ کے ساتھ مناسکیں گے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جیل مینول میں تبدیلی کر کے قیدیوں کی زندگیوں میں آسانیاں لائیں گے، قیدی بھی انسان ہیں، انہیں بنیادی حقوق دینے کے لئے پر عزم ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے تربت میں ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔ عثمان بزدار نے شہید اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بہادر سپوتوں نے اپنے قیمتی لہو سے وطن عزیز میں امن کی آبیاری کی، شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے یکجان ہے۔