اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم 3 روزہ دورہ سعودی عرب کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ عمران خان نے دورے کے دوارن سعودی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور بیت اللہ میں نوافل ادا کیے۔ وزیر اعظم کے لئے خانہ کعبہ کے دروازے خصوصی طور پرکھولے گئے جہاں انہوں نے نوافل ادا کرنے کے علاوہ امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ بیت اللہ کے دروازے کھول کر وزیراعظم عمران خان کو زیارتِ خاص کروائی گئی۔

اس سے قبل ہفتہ کے روز مسجد نبویؐ میں رہتے ہوئے وزیر اعظم کو خصوصی طورپر روضہ رسولؐ کی زیارت کا شرف حاصل ہوا جسے الحجرت النبویات الشریفہ بھی کہا جاتا ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات ہوئی۔ اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات سے متعلق گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے او آئی سی کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خلاف ٹھوس ردعمل پر زور دیا۔ وزیر اعظم کے مسلم ممالک کے سربراہان مملکت کو لکھے گئے خط کے بعدمتفقہ قرارداد منظور کی گئی تھی۔ مسلمان رہنماؤں کو اس حوالے سے اجتماعی کوشش کرنی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا دنیا کو مسلمانوں کی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ محبت اور عقیدت کے حوالے سے بتانا ہو گا، کسی کو بھی اسلام اور دہشت گردی کے مابین کوئی ربط پیدا کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ عدم رواداری،مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف عالمی برادری کو مشترکہ حل پر کام کرنا ہو گا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر سے متعلق تنظیم کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ او آئی سی نے مستقل طور پر کشمیر کے مقصد کی حمایت کی ہے، نیامی میں او آئی سی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر ایک جامع قرارداد منظور کی گئی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے امام کعبہ الشیخ عبد الرحمن السدیس کی ملاقات بھی ہوئی جس میں مسجد الحرام کے دیگر امام کا وفد بھی شریک تھا۔ وزیر اعظم نے عازمین حج کے لیے جدید ترین سہولیات کی فراہمی پر شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کو خراج تحسین پیش کیا اور کورونا کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے پاکستانی عوام کے لیے مسجد الحرام اور روضہ رسولؐ سے محبت اور عقیدت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے کورونا کی موجودہ صورتحال کے جلد معمول پر آنے کی امید کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے امام کعبہ سے پاکستان کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے خصوصی دعا کی درخواست کی جبکہ امام کعبہ نے اسلامو فوبیا کے خلاف وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا۔

امام کعبہ نے بین المذاہب کے فروغ کیلئے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی اور کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔ امام کعبہ اور وفد کی جانب سے دورے کے مشترکہ اعلامیہ کی بھی حمایت کی گئی اور کہا گیا کہ پاکستان اور وزیراعظم کے اقدامات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں، وزیراعظم نے امام کعبہ اورعلماکرام کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے امام کعبہ نے قبول کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان سے مکہ میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی بھی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر زور دیا۔