کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں، شہباز شریف سمیت قومی دولت لوٹنے والوں کو چھوڑا نہیں جاسکتا،عمران خان
وزیراعظم کا حکومتی رہنمائوں اور ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد( ویب نیوز)
وزیراعظم نے نہتے فلسطینی بھائیوں پر اسرائیل ظلم وستم اور بربریت کیخلاف جمعہ کے روز ملک گیر یوم احتجاج منانے کی ہدایت کر دی، عمران خان نے کہا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنمائوں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔معاشی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود ہمارے معاشی اعشاریے مثبت ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس وقت مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے، جبکہ پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، خطے میں سب سے کم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے ہر ممکن انتظامی اور پالیسی فیصلے کررہی ہے، مثبت معاشی اعشاریوں کے فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہیئے، آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ جمعہ کو اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک بھر میں سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے جمعہ کو سرکاری طور پر یوم احتجاج منانے کے لیے تیاری کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں شہباز شریف کیس میں دائر اپیل پر بھی بات چیت ہوئی۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں شہباز شریف کیس میں دائر اپیل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں، قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا، قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہماری 25 سالہ سیاسی جدوجہد انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے، احتساب کا عمل اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی۔