وزیر اعظم کا کورونا ویکسین کی فراہمی اور پاکستان میں ویکسین تیار کرنے کی سہولت دینے پر چین کا شکریہ
عمران خان کا چینی ہم منصب لی کی کیانگ سے ٹیلی فونک رابطہ، پاک چین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد / بیجنگ (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات کو آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب لی کی کیانگ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ اورکورونا ویکسین کے تعاون پرتبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم عمران خان نے مریخ پر چینی خلائی جہاز کی کامیاب لینڈنگ پرمبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سال 2021 پاک چین تعلقات کی 70ویں سالگرہ کا خصوصی موقع ہے۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستان اور چین نے اپنے تعلقات کو آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں تبدیل کردیا، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)نے معاشی سرگرمی، روزگار پیدا کیا، سی پیک دوطرفہ اور علاقائی تجارت کو مزید تقویت دے گا، سی پیک سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاک چین تعاون پر روشنی ڈالی گئی،وزیر اعظم نے کورونا ویکسین کی فراہمی اور پاکستان میں ویکسین تیار کرنے کی سہولت دینے پر چین کا شکریہ ادا کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ این آئی ایچ میں ویکسین کی تیاری کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستانی کوششوں کومستحکم کرے گی۔وزیراعظم عمران خان نے اسٹریٹجک تعاون مضبوط کرنے کے لئے اعلی سطح کے تبادلے کی ضرورت پرزور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔