ابھی کہیں نہیں جا رہا ہوں،چوہدری نثار

لاہور (ویب ڈیسک)

سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے جانے والے ظہرانے میں شرکت کی ،ایک نجی ٹی وی کے مطابق انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ چودھری نثارعلی خان پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا تھا۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق ظہرانے کے موقع پر چودھری نثار علی خان اور سردار ایاز صادق کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماں نے اس موقع پر صلاح و مشورہ بھی کیا۔ ذمہ دار ذرائع  کے مطابق  پاکستان مسلم لیگ (ن) سے اپنی سیاسی راہیں جدا کرنے والے چودھری نثار علی خان نے ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر قیام کیا اور بات چیت کی۔دلچسپ امر ہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے چودھری نثار علی خان کے اعزاز میں ظہرانہ ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے کہ جب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ چودھری نثار علی خان کے لیے ن لیگ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔سیاسی حلقوں کے مطابق عجیب بات یہ ہے کہ میاں نواز شریف کی نا اہلی کے بعد شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنانے کی تجویز چودھری نثار علی خان نے پیش کی تھی اور انہوں نے ہی ان کا نام بھی تجویز کیا تھا جس کی بعد میں منظوری میاں نواز شریف سمیت دیگر پارٹی رہنماوں نے دی تھی۔چودھری نثار علی خان نے جب پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا تو اس کے بعد وہ ذرائع ابلاغ سے کسی بھی قسم کی بات چیت کیے بنا روانہ ہو گئے تھے البتہ صحافیوں کے استفسار پرانہوں نے مختصرا کہا تھا کہ جلد لاہور کا دورہ کروں گا لیکن اس میں اجلاس میں شرکت کے بجائے صرف آپ لوگوں سے ملاقات ہو گی۔  ایک صحافی نے جب پوچھا کہ کس پارٹی میں جا رہے ہیں ؟ تو چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ ابھی کہیں نہیں جا رہا ہوں