پاک فوج نے ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصدکو کامیابی سے ناکام بنایا،عمران خان
ملک کی مسلح افواج کے پیشہ وارانہ مہارت کے باعث ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے
وزیراعظم کا کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب
دہشت گردوں کو امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،آرمی چیف
کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصدکو کامیابی سے ناکام بنایا ملک کی مسلح افواج کے پیشہ وارانہ مہارت کے باعث ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں پاکستان کے مستقبل سے متعلق اپنے وژن پرروشنی ڈالی اور کہاکہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی بلاامتیاز احتساب اور ہر ایک کیلئے انصاف میسرہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مسلسل محنت کی ضرورت ہے محنت سے ہی اسلامی اصولوں پر قائم خوشحال ریاست کا قیام ممکن ہے،اس سے قبل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ آمد پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور کورکمانڈر کوئٹہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پائیدار معاشی ترقی اور قیام امن کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے ، دہشت گردوں کو امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کیا،آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، آپریشنل تیاریوں، سیکیورٹی صورتحال، پاک افغان اور پاک ایران بارڈرز پر باڑ لگانے اور بلوچستان میں پاک فوج کے تعاون سے زیر تکمیل منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو بلوچستان میں امن واستحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے اور لگن کو سراہا۔اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج صوبہ بلوچستان میں دیرپا سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے ہدایت کی صوبے میں امن وامان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔