ارکان کمیٹی کا احتجاج، اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی

کوئی تنخواہ نہیں لے ر ہا ہوں ، چیئرمین  پی سی بی احسان مانی

  ایک سال کے غیر ملکی دوروں کو دیکھ لیں دو سال سے زیادہ تنخواہ بن جائے گی ،ارکان

وزیر اعظم کے قبائلی اضلاع میں 2019 ء میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے اعلان پر تاحال عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ میں بورڈ کے افسران اور دیگر ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات اوپن اجلاس میں بتانے سے انکار کر دیا ۔ تنخواہوں اور مراعات کو خفیہ قرار دے دیا گیا اور سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے کہا ہے کہ ارکان کو الگ کمرے میں لے جا کر تفصیلات سے آگاہی دی جا سکتی ہے جس پر ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی ہے ۔ چیئرمین  پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ کوئی تنخواہ نہیں لے رہے ہیں ۔ ارکان نے کہا  ہے کہ ان کے ایک سال کے غیر ملکی دوروں  کو دیکھ لیں دو سال سے زیادہ تنخواہ بن جائے گی ۔ کمیٹی میں وزیر اعظم کے قبائلی اضلاع میں 2019 ء میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے اعلان پر تاحال عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ قائمہ کمیٹی کا جمعہ کو اجلاس چیئرمین آغا حسن بلوچ کی صدارت میں ہوا ۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ سی او پی سی بی وسیم خان سے زیادہ قابل پاکستان میں کوئی نہیں ہے ۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ آئندہ کے اولمپک کے شیڈول سے لا علم نکلے جبکہ بھارت میں وزیر اعظم تیاری کے سلسلے میں بریفنگ کا سلسلہ شروع کر چکے ہیں  ۔ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے آئندہ پی ایس  ایل 99 فیصد پاکستان میں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ ارکان نے پی ایس ایل کے حسابات پر تحفظات کا اظہار کہا ہے کہ کروڑوں نہیں اربوں روپے کا معاملہ ہے ۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندے قبائلی اضلاع بالخصوص باجوڑ میں سپورٹس کمپلیکس کے بارے میں وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر تسلی بخش جواب نہ دے سکے ۔ علاقے سے ایم این اے گلداد خان نے کہا کہ 2019 ء میں وزیر اعظم نے دورہ باجوڑ کے موقع پر سپورٹس کمپلیکس کا اعلان کیا مگر انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی پیش رفت نہ ہو سکی ۔ 8 واں اجلاس ہے یہ معاملہ زیر بحث آ رہا ہے ۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور خیبر پختونخوا  حکومت کے نمائندے کمیٹی کو مطمئن نہ کر سکے ۔ اجلاس میں قبائلی اضلاع کے ارکان نے انکشاف کیا کہ این اے 41  میں بھی حکم امتناعی والی جگہ پر سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شروع کر دی گئی ۔ حکام کے مطابق 73 ملین خرچ کر دئیے گئے ہیں 111 ملین مزید ریلیز ہو رہے ہیں ۔ ارکان نے کہا کہ ساڑھے چار لاکھ کی آبادی سے  قبائلی تحصیل مامون کے سپورٹس کمپلیکس کو منتقل کیا گیا جہاں جگہ کا انتخاب ہوا وہاں سوا ڈیڑھ لاکھ روپے پر زمین حاصل کی جا سکتی تھی مگر چار پانچ ہزار آبادی والی جگہ پر سپورٹس کمپلیکس منتقل کر کے آٹھ ساڑھے آٹھ لاکھ روپے کنال پر جگہ حاصل کی گئی اور اس پر بھی سٹے آرڈر ہے ۔ ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ کی انتظامیہ کی جانب سے غلط بیانی کی گئی آئندہ اجلاس میں کمیٹی نے ڈی سی باجوڑ کو اس وارننگ کے تحت طلب کر لیا کہ نہ آئے تو سمن جاری کر دئیے جائیں ۔ چیف سیکرٹری خیبر  پختونخوا سے باجوڑ کا سپورٹس کمپلیکس بنانے کے لیے دو سالوں سے وزیر اعظم کے ڈائریکٹو پر عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی گئی  ہے ۔ مہرین رزاق بھٹو اور دیگر ارکان نے کہا کہ کیا وزیر اعظم کا مہنگائی کی طرح کا اعلان سپورٹس کمپلیکس کے متعلق بھی تصور کیا جائے ۔ اتفاق رائے سے خیبر پختونخوا سے تمام متعلقہ اعلیٰ افسران کو طلب کر لیا گیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ افسران ملازمین کی تنخواہیں مراعات کی تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا ۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے کہا  کہ ان کیمرہ اجلاس میں بتا سکتے ہیں یا ارکان کو الگ کمرے میں فائل دکھا دیں گے ۔ اس پر ارکان نے شدید احتجاج کیا اور بائیکاٹ کی دھمکی دے دی ۔ اقبال محمد علی خان اور دیگر ارکان نے کہا کہ صدر وزیر اعظم ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں مراعات سے قوم آگاہ ہے کیا پی سی بی کی تنخواہیں اور مراعات پاکستان کی سکریسی ہے ۔ ایٹم بم کے بارے میں تو نہیں پوچھ رہے ۔ کیا پی سی بی کی مراعات سے قوم کو آگاہی سے دھماکہ ہو جائہ گا ۔ اس بارے میں مہرین رزار بھٹو کے سوالات کے جوابات تاحال پی سی بی دینے میں ناکام ہے یہ معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے کمیٹی کو سپرد کیا گیا تھا آئندہ اوپن اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کو تفصیلات پر بریفنگ کی ہدایت کر دی گئی ہے  احسان مانی نے کہا کہ وہ تنخواہ نہیں لے رہے ہیں ۔ دو کمروں کا لاہور میں اپارٹمنٹ ہے ایک گاڑی ہے گارڈز کی سہولت نہیں لی ۔ اقبال محمد علی خان نے کہا کہ ان سے یہ پوچھا جائے کتنا عرصہ پاکستان میں رہتے ہیں کتنا عرصہ باہر ایک سال تو کیا دو سال کے مساوی رقم مل جائے گی ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی سی بی وسیم خان کو پاکستان کا واحد قابل ترین شخص قرار دینے پر  چیئرمین پی سی بی کی سخت سرزنش کی گئی ارکان نے کہا  کہ لندن سے لوگوں کو بلا کر لگا دیا جاتا ہے پاکستان میں کوئی قابل لوگ نہیں  ہیں  ۔ اقبال محمد علی خان نے کہا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ جن کھلاڑیوں نے پی سی بی پر تنقید کی ان کی بھرتیاں شروع کر دی گئیں ۔ تین چار اینکر پرسن بھی سخت بولنا شروع کر دیں پی سی بی انہیں بھی لگا لے گا ۔  انہوں نے سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ سے اولمپک کے شیڈول کے بارے میں پوچھا وہ لا علم نکلے بعد  ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اقبال محمد علی خان نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم اولمپک پر بھارتی تیاری سے متعلق بریفنگ لے رہے ہیں ۔ پاکستان میں ان کو اولمپک کی تاریخ کا ہی علم نہیں ہے ۔ سپورٹس پالیسی کے بارے میں بھی ا کثریتی شراکت داروں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔ میں نے اپنے طور پر سپورٹس پالیسی بنائی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران احسان مانی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے آئندہ  اجلاس کے بارے میں بتانے سے انکار کر دیا انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ستمبر میں دورہ انگلینڈ  پر بھی گفتگوکرنے سے گریز  کیا ۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ پی ایس ایل 99 فیصد پاکستان میں ہونے کا امکان ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ لوگ پڑھے بغیر گفتگو شروع کر دیتے ہیں جبکہ ہمارے  سارے حسابات ویب سائٹ پر موجود ہیں ۔