میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ میرپور ، مظفر آباد اور گلگت سمیت20 شہروں میں ہوں گے
پی ایم سی کے نئے نظام کے تحت امتحان کے آدھے گھنٹے کے بعد نتائج جاری کردیے جائیں گے
اسلام آباد(ویب نیوز) پاکستان میڈیکل کمیشن کے تحت پاکستان کے 20 شہروں میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ(ایم ڈی سی اے ٹی)30 اگست تا 30 ستمبر تک ہوں گے۔ نئے نظام کے تحت امتحان کے آدھے گھنٹے کے بعد نتائج جاری کردیے جائیں گے۔ایم ڈی سی اے ٹی کے امتحانات کے لیے کراچی، حیدر آباد، سکھر، نواب شاہ ، لاہور ، ملتان ، فیصل آباد ،گجرانوالہ، بہاولپور ،سرگردھا ، ڈی جی خان ،سیالکوٹ ، پشاور ، سوات ، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان ، کوئٹہ ،، میرپور ، مظفر آباد اور گلگت میں پی ایم سی کے امتحانی مراکز ہوں گے ۔ پاکستان میڈیکل کمیشن کے اعلان کے مطابق ایم ڈی سی اے ٹی 2021 میں پاس مارکس 65 فیصد ہوں گے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی ایم سی کے صدر ڈاکٹر ارشاد تقی نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایم ڈی سی اے ٹی مکمل طور پر کمپیوٹر پر مبنی امتحان ہوگا، جس سے مقامی اور غیر ملکی دونوں طلبہ کو امتحان دینے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ امتحانات 30 اگست سے 30 ستمبر 2021 تک پاکستان کے 20 نامزد شہروں میں ہوں گے۔ڈاکٹر ارشاد تقی کے مطابق درخواست دہندگان کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ امتحانات میں شریک ہونے کا وقت خود منتخب کریں۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو آن لائن ٹیوٹوریلز اور پریکٹس ٹیسٹ بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں امتحان کے عمل سے واقفیت ہوجائے۔اس ضمن میں بتایا گیا کہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے تشکیل دیا جانے والا نصاب/ مضمون پورے پاکستان میں تمام بورڈز کے حیاتیات، کیمسٹری اور طبیعیات کے موجودہ نصاب سے اخذ کیا گیا۔پی ایم سی کے مطابق اس میں اے لیول کے نصاب کو بھی مدنظر رکھا ہے۔تمام مضامین کا نصاب اور ہر مضمون کی تفصیلات پی ایم سی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔صدر پی ایم سی ڈاکٹر ارشاد تقی نے واضح کیا کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی منظوری کے بعد اکیڈمک بورڈ نے ایم ڈی سی اے ٹی 2021 میں پاس مارکس 65 فیصد رکھے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امتحان کے آدھے گھنٹے کے بعد نتائج پیش کردیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ طلبہ داخلے کے لیے تمام کالجوں کا انتخاب کرسکتے ہیں اور پی ایم سی براہ راست طالب علم کے ایم ڈی سی اے ٹی کا نتیجہ متعلقہ کالجوں کو ارسال کرے گا۔کونسل نے اکیڈمک بورڈ کی سفارشات کی بنیاد پر این ایل ای کے لیے نصاب کو بھی منظور کیا۔این ایل ای دو ٹیسٹ پر مشتمل ہے جس میں ایم سی کیوز پر مشتمل تھیوری اور دوسرا کلینیکل اسکلز امتحان شامل ہیں۔این ایل ای کے مرحلہ ایک کے ایم سی کیو پر مبنی تھیوری جزو بھی ایک کمپیوٹر پر مبنی امتحان ہوگا جس میں ایک سال میں متعدد مرتبہ پاکستان بھر کے متعدد مراکز میں امتحانات ہوں گے جس میں امیدوار کی کوشش کی جانے والی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔این ایل ای کے لیے دونوں امتحانات میں 70 فیصد نمبر ہونا ضروری ہیں۔