شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی خیر پور اور ایس ڈی پی آئی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
دونوں ادارے سماجی و معاشی ترقی کے معاملات سے متعلق پالیسی کے تناظر میں ماہرین تدریس کی شمولیت کے لیے مل کر کام کریں گے
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی خیر پور اور پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی(ایس ڈی پی آئی)نے مفاہمت کی ایک یادداشت(ایم او یو)پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے سماجی و معاشی ترقی کے معاملات سے متعلق پالیسی کے تناظر میں ماہرین تدریس کی شمولیت کے لیے مل کر کام کریں گے۔ایم او یو پر شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوتو اور ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کیے۔اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے سینٹر فار پرائیویٹ سیکٹر انگیجمنٹ کے سربراہ انجینئر احد نذیر اور ہیڈ آف ٹریننگز شاہد منہاس بھی موجود تھے۔ایم او یو کا مقصد تدریسی روبط، بین الشعبہ تحقیق، مطبوعات اور استعداد کاری کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے ماہرین کو ریسرچ اور پالیسی کی سطح پر گے لانا ہے تاکہ ان کی سفارشات کو متعلقہ پالیسی سازوں اور دوسرے حلقوں تک پہنچایا جا سکے۔ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے اس موقع پر کہا کہ اندرون سندھ کے نمایاں تعلیمی ادارے کی حیثیت سے، شاہ عبداالطیف یونیورسٹی، ایس ڈی پی آئی کے اشتراک سے متعلقہ شعبوں میں تحقیق کی بنیاد پر پر پیش کیے جانے والی تجاویز کے ضمن میں علاقائی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں کے ساتھ ربط استوار کرنے کی صورت میں یونیورسٹیاں بہترین تھنک ٹینکس کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ایس ڈی پی آئی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کار کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اوراسے شواہد کی بنیاد پر تحقیق اور پالیسی تجاویز کے لیے انتہائی اہم تصور کرتا ہے۔۔پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابو پوتو نے اس موقع پر تحقیق اور استعداد کاری کے شعبوں میں ایس ڈی پی آئی کے کردار کو سراہتے ہوئے شواہد کی بنیاد پر پالیسی سفارشات کے لیے تدریسی اداروں اور آزاد تھنک ٹینکس کے مابین تعاون کار کی اہمیت کا اعادہ کیا۔انہوں نے تحقیق اور استعداد کاری کے میدان میں ایس ڈی پی آئی کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا۔