ن لیگ ماڈرن ایسٹ انڈیا کمپنی، شریف فیملی نے ملک لوٹا،فواد چودھری

منتیں ترلے کر کے نواز شریف باہر گئے، اب لندن میں عیاشی کر رہے ہیں

عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے

 بجٹ پرتنقید کرنے میں کوئی حرج نہیں ، پارلیمنٹ میں بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے

الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد سے جلد الیکشن میں استعمال ہونا شروع ہو جائے گی

اربوں روپیہ وفاق سے صوبوں کوجاتا ہے لیکن سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کر رہا ہے،

 کابینہ نے کراچی ڈیفنس فیز8میں نجی ہوٹل کی زمین پر اپارٹمنٹس کا معاملہ ،پاکستان کوسٹ گارڈز فائونڈیشن کے قیام پر فیصلہ موخر کردیا

 وزیر اطلاعات کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعدمیڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد( ویب  نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کو ماڈرن ایسٹ انڈیا کمپنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی نے پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، منتیں ترلے کر کے نواز شریف باہر گئے، اب عیاشی کر رہے ہیں، شہبازشریف کے دو چار بڑے کیسز کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو نی چاہیے، بجٹ پرتنقید کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن پارلیمنٹ میں بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعدمیڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں ہماری اولین ترجیح ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد سے جلد الیکشن میں استعمال ہونا شروع ہو جائے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ای ووٹنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ضروری دینا چاہیے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی سیاست کا لازمی جزو سمجھتے ہیں، وزیر اطلاعات نے کہا کہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کیوں دینے دیا جائے تو مجھے حیرت ہوئی، احسن اقبال نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی مسائل کا کیا ادراک ہوگا۔فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہے لیکن جس طرح نوازشریف بغیر گارنٹی باہر گئے اس کا دکھ ہے ، مسلم لیگ (ن) کی تمام قیادت خود بیرون ملک بیٹھی ہے، شہباز شریف کیسز کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہیئے، کیسز بنتے ہیں اور چھ چھ مہینے تاریخیں نہیں ملتیں۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ن لیگ موجودہ دور کی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے، ماڈرن ایسٹ انڈیا کمپنی نے ملک کو لوٹا، گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو دیکھ رہے ہیں،یہاں سے منتیں کرکے گئے، باہر جا کر پولو میچ دیکھنے پر اب کیا کہا جائے، نواز شریف کے لندن میں عیاشی کرنے سے عوام کو دکھ ہے، نواز شریف نے پاکستان میں چمچے چھوڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، گھوٹکی، لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں کا بھی برا حال ہے، وفاقی ترقیاتی بجٹ کے پیسے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپیہ وفاق سے صوبوں کوجاتا ہے لیکن سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کر رہا ہے، ہر روز ہم دیکھتے ہیں کہ کراچی کے حالات برے ہو رہے ہیں،کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، کراچی کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ کا بھی برا حال ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ بجٹ پرتنقید کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن تنقید اور توہین میں فرق ہوتا ہے، شہبازشریف اس توہین کی سربراہی کرتے ہیں،ن لیگ پھرگندی زبان اوربدتمیزی کرتی ہے، پارلیمنٹ میں بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو غلط فہمی ہے کہ وہ جو بھی کریں گے وہ جمہوری رویہ ہوگا، اگر آپ ہمیں بات کرنے دیں گے تو آپ کو بھی بات کرنے دیں گے، اگر اپوزیشن حکومت کو بات کرنے دے گی تو تب ہی وہ خود بھی بات کر سکے گی، اپوزیشن بجٹ کو پڑھے اور پھر تجاویز ہمارے پاس لائے ہم سنیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں فردوس شمیم نقوی نے مکمل شیڈو بجٹ دیا ہے،حکومت کو اپنی بات سنانے سے پہلے حکومت کی بات سننی پڑے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ کو جو پیسہ ملتا ہے اس کو باہر کے ملکوں میں منی لانڈرنگ کیذریعے بھیجا جاتا ہے، وفاق صوبوں کو جو پیسہ دے گا اس میں میکنزم کے ذریعے شفافیت لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کراچی ڈیفنس فیز8میں نجی ہوٹل کی زمین پر اپارٹمنٹس کا معاملہ موخر کردیا ہے، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اس پر غیر قانونی قبضہ چھڑا یا جائے ،پاکستان کوسٹ گارڈز فائونڈیشن کے قیام پر فیصلہ موخر کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد اویس کو ناروے حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے ، سینما بہت جلد کھول دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہوگا، کیبل ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد 900،950 چینلز ہوجائیں گے ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چینلز کو لاسکیں گے۔

#/S