وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران سی سی آئی پاکستان نے ملک میں 50 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے ساتویں پیداواری پلانٹ کا اعلان کردیا

اسلام آباد، (ویب نیوز )

کوکا۔کولا بیوریجز پاکستان لمیٹڈ (سی سی آئی پاکستان) کے وفد نے اپنے جنرل منیجر پاکستان احمد کرساد ارتن کے ہمراہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی اور ملک میں گرین فیلڈ پروجیکٹ کے لئے خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں پیداواری پلانٹ کے قیام کے لئے 50ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ یہ سی سی آئی کا ملک میں ساتواں پیداواری پلانٹ ہوگا۔ اس نئے جدید ترین پیداواری پلانٹ کی تعمیر کا کام سال 2022 کی پہلی سہ ماہی تک مکمل کرلیا جائے گا۔ یہ پلانٹ بنیادی طور پر شمالی علاقہ جات میں بیوریج ضروریات پوری کرے گا۔

اس ملاقات کے دوران احمد کرساد ارتن، پاکستان۔ترکی بزنس کونسل کے سرکردہ رکن اور پاکستان میں صف اول کے ترک سرمایہ کاروں کے طور پر کمپنی کی کارکردگی سامنے لائے جو ملک میں دیگر ترک کاروباری اداروں کی سرمایہ کاری کیلئے بھی راہ ہموار کررہی ہے۔ وفد کے مطابق اس مجوزہ منصوبے سے نہ صرف خطے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ روزگار کے بلواسطہ اور بلاواسطہ مواقع بھی پیدا ہوں گے جبکہ خود مختار سپلائیرز، ڈسٹری بیوٹرز اور دکانداروں کے ساتھ ساتھ حکومت کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

اس حوالے سے سی سی آئی کے کاروبار سے معاشرے میں سماجی و معاشی اثرات سے متعلق رپورٹ بھی وزیر اعظم پاکستان کو پیش کی گئی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سی سی آئی پاکستان کی ویلیو چین سے ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں سالانہ 865 ارب روپے کا اضافہ ہوتا ہے جو ملکی جی ڈی پی کا 1.95 فیصد ہے۔ ملاقات میں سی سی آئی کی کاروباری سماجی ذمہ داری کے منصوبے بھی اجاگر کئے گئے جن میں پانی پروجیکٹ (ملک بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس)، کرونا ریلیف کی مدد میں 10لاکھ ڈالر اور پاکستان بھر میں حالیہ عرصے کے دوران 50 ہزار درخت لگانے کا معاہدہ شامل ہے۔

اس ملاقات کے دوران سی سی آئی پاکستان کے وفد کے ہمراہ پاکستان میں ترکی کے سفیر عزت مآب احسان مصطفی یوراداکل بھی موجود تھے۔ وفد میں شامل دیگر اراکین میں ڈائریکٹر پبلک افیئرز اینڈ کمیونکیشنز سید عمر اور منیجر پبلک افیئرز باسط پیرزادہ بھی شامل تھے۔ حکومت کی جانب سے وفد میں وزیر صنعت و پیداوار، تجارت و سرمایہ کاری کے مشیر، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وفاقی سیکریٹری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین بھی موجود تھے۔

سی سی آئی بنیادی طور پر انادولو گروپ کی ملکیت میں آتا ہے جو ترکی کا صف اول کا صنعتی گروپ ہونے کے ساتھ 10ممالک میں 26پلانٹس کے ساتھ فعال ایک ملٹی نیشنل بیوریج کمپنی ہے۔ سی سی آئی پاکستان دراصل سی سی آئی کی ذیلی کمپنی ہے جو ملک میں دی کوکا۔کولا کمپنی کے فرحت بخش اور تازگی بخشنے والے بیوریجز تیار، تقسیم اور فروخت کرتی ہے۔ فی الوقت، کمپنی 6 فیکٹری پلانٹس اور 2500 ملازمین کے ساتھ ملک بھر میں 20 کروڑ سے زائد عوام کی ضروریات پوری کررہی ہے۔