سارک چیمبر کے ہیڈکوارٹر کی بلڈنگ کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس
حکومت کے منظور کردہ فنڈ کے بہتر استعمال اور ہیڈ کوارٹر کے جلد افتتاح بارے مشاورت
سارک چیمبر کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر پاکستان اور بزنس کمیونٹی کیلئے بڑا اعزازہے’ حاجی غلام علی

اسلام آباد( ویب نیوز  )حاجی غلام علی نائب صدر سارک چیمبر کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں سارک چیمبر کے ہیڈکوارٹر کی بلڈنگ ، سارک ممالک سے تعلقات و باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا ۔اجلاس میںوزیرا عظم کے مشیر برائے تجارت رزاق دائود، سیکرٹری تجارت کی سربراہی میں گزشتہ روز ہونیوالے ای ڈی ایف کے اجلاس میں سارک چیمبر کے ہیڈ کوارٹر کی تکمیل کیلئے 10کروڑ روپے کے فنڈ جاری کرنے کی منظوری دینے کے اقدام کو سراہا گیا۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے سارک بلڈنگ کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے ای ڈی ایف فنڈ سے 10کروڑ روپے کے فنڈ کی ریلیز کی منظوری ، بلڈنگ کے جلد افتتاح کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں زبیر ملک ، مرزا عبدالرحمن اور دیگر موجود تھے ۔اجلاس کے دوران سیکرٹری جنرل سارک چیمبر ذوالفقار علی بٹ نے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر، مدت تکمیل و دیگر امور بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔ شرکاء نے سارک ممالک میں پاکستان کے وقار کو بلند کرنے اور پاکستان میں سارک ممالک کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے خطیر رقم جاری کرنے کی منظوری دینے پر مشیر تجارت رزاق دائود، سیکرٹری تجارت سمیت دیگر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سارک چیمبر کے ہیڈ کوارٹر کا اسلام آبادمیں قیام پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے اور اس کا تمام تر سہرا مشیر تجارت رزاق دائود، سیکرٹری تجارت، متعلقہ حکام اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو جاتا ہے ۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت پاکستان سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے جو فنڈ کی منظوری دی ہے اس کو بہتر طریقے سے استعمال میں لاکر جلد از جلد ہیڈ کوارٹر کا افتتاح کیا جائے تاکہ سارک ممالک میں نہ صرف پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو بلکہ سفارتی ، تجارتی تعلقات مضبوط ہوں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر سارک چیمبر حاجی غلام علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ونا وائر س کے باعث جہاں دنیا متاثر ہوئی وہیں پاکستان اور سارک ممالک کے مابین باہمی تعلقات’ دوستی ، تجارت بھی متاثر ہوئیں۔ سارک ممالک کے مابین باہمی تعاون ، تجارت کے فروغ اور دوستی کو مضبوط بنانے کیلئے بزنس کمیونٹی کو کافی محنت کی ضرورت ہے ۔پاکستا ن کے دارالخلافہ اسلام آباد میں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر پاکستان اور بزنس کمیونٹی کیلئے بڑا اعزاز اور سارک ممالک کی دوستی کا شاہکار ہے ۔ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ایک ہیڈکوارٹر پاکستان کے دارالخلافہ اسلام آباد میں قائم کردیا ہے جس کی بلڈنگ کی تعمیر جلد مکمل ہوجائیگی جو سارک ممالک کی دوستی کا ایک شاہکار اور پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو اس پر فخر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان جس کا وژن پوری دنیا سمیت سارک ممالک کے مابین اچھی دوستی، بہتری تعلقات، ثقافت، باہمی تجارت، سیاحت کے فروغ ہے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر کی بلڈنگ کی تکمیل اور سارک ممالک کے ساتھ دوستی کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گی۔حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی ہمیشہ سے خواہش ہے کہ سارک ممالک کیساتھ روابط اور تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی کوششیں کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وباء نے جہاں پوری دنیا کو متاثر کیا وہیں پاکستان اور سارک ممالک کے درمیان بھی خلاء پیدا ہوا ۔ بزنس کمیونٹی کو اس خلا کو پر کرنے کیلئے کافی محنت کی ضرورت ہوگی ۔ حاجی غلام علی ، زبیر ملک اور مرزا عبدالرحمن نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈکوارٹر کی بلڈنگ کی تعمیر میں بڑا حصہ دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان سارک ممالک کیساتھ دوستی کو مضبوط تر بنانے اور تجارت کے فروغ کیلئے بزنس کمیونٹی کی سرپرستی کرتے ہوئے اپنا تعاون جاری رکھے گی ۔