پاکستانیوں کے اربوں لوٹنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹیں گے، چیئرمین نیب
نیب کرپشن کیخلاف جدوجہد کو ترجیح دیتا رہے گا، ہم ہر طرح کی کرپشن کے خاتمے پر یقین رکھتے ہیں
کرپشن ہی پاکستان میں تمام مسائل کی جڑ ہے،نیب کا تعلق کسی فرد یا سیاسی جماعت سے نہیں، پاکستان سے ہے

اسلام آباد(ویب  نیوز) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ہر طرح کی کرپشن کے خاتمے پر یقین رکھتے ہیں، معصوم پاکستانیوں کے اربوں لوٹنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹیں گے۔ ایک بیان میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ عالمی جی ڈی پی کا سالانہ پانچ فیصد کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے۔ دنیا کو سالانہ دو اعشاریہ چھ ٹریلین ڈالر نقصان پہنچاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن کیخلاف جدوجہد کو ترجیح دیتا رہے گا۔ ہم ہر طرح کی کرپشن کے خاتمے پر یقین رکھتے ہیں۔ تاہم پاکستان کو کرپشن کی شکل میں ایک چیلنج کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ہی پاکستان میں تمام مسائل کی جڑ ہے۔ نیب چہرہ نہیں بلکہ کیس کو دیکھتا ہے۔ نیب کا تعلق کسی فرد یا سیاسی جماعت سے نہیں، پاکستان سے ہے۔