"میرا پاکستان میرا گھر” کے فروغ کے لیے بینک الفلاح اسلامک اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس میں معاہدہ

لاہور (ویب نیوز ) بینک الفلاح، حکومت کی معاونت سے چلنے والے کم لاگت کے گھر کی فنانس اسکیم کے فروغ میں اس کے آغاز سے کلیدی کردار ادا کرنے والے اداروں میں سے ایک ہے۔ اسی مقصد کے تسلسل میں، بینک الفلاح نے اپنے کسٹمرز کو منفرد ہاؤسنگ فنانس سلوشنز کی پیشکش کے لیے اخوت اسلامک مائیکرو فنانس (AIM) کے ساتھ ایک معاہدہ (MoU) طے کیا ہے۔

۔اس تقریب میں بینک الفلاح اسلامک کے گروپ ہیڈ، ڈاکٹر محمد عمران اور دیگر اعلیٰ عہدیداران اور یگزیکٹیوز موجودتھے۔اس موقع پر دیگر اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ اخوت اسلامک مائیکرو فنانس (AIM) کے ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اپنے ادارے کی نمائندگی کی۔

AIM کے ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم بینک الفلاح اسلامک کے ساتھ اس عظیم پروجیکٹ پرکام کرنے کے منتظر ہیں، تاکہ پاکستان کی مستحق عوام کو سستے اور آسان گھر کی سہولت فراہم کریں۔

بینک الفلاح اسلامک کے گروپ ہیڈ، ڈاکٹر محمد عمران نے کہا کہ "بینک الفلاح اسلامک، اخوت اسلامک مائیکروفنانس کے ساتھ ہونے والے اس معاہدے کو مزید آگے بڑھانے اور ان کے ساتھ طویل شراکت داری کے قیام کا خواہاں ہے نیز بینک نہ صرف جدید پروڈکٹ کو متعارف کرنے کے حوالے سے اپنی ساکھ کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ ساتھ ہی پاکستان کے پسماندہ شہریوں کو کم لاگت کی ہاؤس فنانسنگ کی سہولت کو بھی وسعت دے گا”۔

اخوت اسلامک مائیکرو فنانس (AIM) ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے،جو سازگار مالیاتی اسکیمز کے ذریعے پسماندہ لوگوں کو خدمات فراہم کرنے کا وسیع تجربہ رکھتا ہے۔اس معاہدے کے ذریعے AIM،اسکیم کے تحت اس سہولت کو حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی شناخت میں بینک الفلاح اسلامک کے ساتھ منظم انداز میں کام کرے گا۔اس اسکیم کے تحت دونوں فریقین عملی طور پر کاروبار کے مواقع دریافت کریں گے اور اس سہولت کو زیادہ سے زیادہ مستحق افرادتک پہنچانے کے لیے کام کریں گے۔