کراچی : ملکی تاریخ کمرشل بینکوں کے ڈپازٹس میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے
کراچی(صباح نیوز) کمرشل بینکوں کے ڈپازٹس ملکی تاریخ میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے، مئی 2021 میں بینک ڈپازٹس میں 394 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2021 کے مقابلے مئی 2021 میں بینک ڈپازٹس میں 394 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور رواں سال مئی میں بینک ڈپازٹس 17 ہزار 955 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال 5 ماہ میں بینک ڈپازٹس میں 870 ارب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے جبکہ بینک ڈپازٹس رواں سال جنوری کے 17085 ارب روپے سے بڑھ کر مئی 2021 میں 17ہزار 955 ارب روپے سے زائد ہو گئے۔یاد رہے دسمبر 2020 میں بینکوں کے ڈپازٹس 17 ہزار 876 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر تھے لیکن جنوری 2021 میں بینکوں کے ڈپازٹس 17 ہزار 876 ارب روپے کی ریکارڈ سطح سے کم ہو کر 17 ہزار 86 ارب روپے رہ گئے تھے۔معاشی ماہرین کے مطابق کرونا وائرس وبا کے باوجود طلب میں اضافے پر معیشت میں بہتری ہو رہی ہے، کرونا وبا کی دوسری لہر میں کمی پر بھی کاروباری سرگرمیوں میں بہتری ہوئی ہے، دسمبر 2020 میں بینکوں کے فنانشل کلوزنگ کی وجہ سے ڈپازٹس میں اضافہ ہوا تھا۔