قندوز میں لڑائی کے دوران 28 افراد ہلاک، 290شہری زخمی
گزشتہ 3روز کے دوران دو ہسپتالوں میں 28لاشیں اور 290زخمیوں کو لایا گیا، اکثریت بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے
شمالی افغانستان میں حالات زیادہ خراب ، جنگجووں کو جنوبی علاقوں میں بڑی حد تک کنٹرول حاصل ہے
قندوز (ویب نیوز)افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں جاری لڑائی کے دوران 28 افراد ہلاک اور 290شہری زخمی ہوگئے۔غیر ملکی
خبررساںایجنسی کے مطابق ہسپتال کے عہدیداروں نے بتایا کہ لڑائی میں عام شہری بھی مارے گئے۔قندوز میں قائم ہسپتال کے سربراہ احسان اللہ فاضلی نے بتایا کہ گزشتہ 3روز کے دوران مقامی دو ہسپتالوں میں 28لاشیں اور 290زخمیوں کو لایا گیا، جن میں اکثریت بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہر میں لڑائی تاحال جاری ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق افغانستان بھر میں کشیدگی میں اضافہ ہوا لیکن شمالی افغانستان میں حالات زیادہ خراب ہیں جہاں جنگجووں کی جانب سے کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں ان کو بڑی حد تک کنٹرول حاصل ہے۔