اتر پردیش اور بہار میں شدید گرمی کے سبب تین دن کے دوران کم از کم 98 افراد ہلاک

بپر جائے طوفان کے بعدمغربی ریاست  گجرات میں  15 سو سے زائد گاوں اب بھی بجلی سے محروم ہیں

نئی دہلی(ویب  نیوز)

 بھارت کی ریاستوں اتر پردیش اور بہار میں گزشتہ تین روز سے جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث کم از کم 98 افراد ہلاک ہوگئے۔۔ دوسری طرف مغربی ریاست گجرات میں آنے والے بپر جائے طوفان کے بعد معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں جب کہ 15 سو سے زائد گاوں اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔بھارتی ریاست اتر پردیش میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران 54 افراد ہلاک جبکہ بہار میں 44 افراد کی اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔نشریاتی ادارے ‘انڈیا ٹوڈے’ کی رپورٹ میں سرکاری حکام کے حوالے سیبتایا گیا ہے کہ اتر پردیش کے شہر بالیا میں 15 سے 17 جون کے درمیان 54 اموات رپورٹ کی گئیں جب کہ پچھلے تین دنوں کے دوران کم از کم 400 افراد کو بخار، سانس لینے میں دشواری اور دیگر طبی وجوہات کی وجہ سے اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔حکام کے مطابق اسپتال میں داخل ہونے والے اکثر مریضوں کی عمریں 60 سال سے زیادہ ہیں۔چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر جینت کمار کا کہنا ہے کہ بالیا شہر میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ڈاکٹر جینت کے مطابق ہلاکتوں کی بڑی وجہ ہارٹ اٹیک، برین اسٹروک اور ڈائیریا ہے۔ضلعی اسپتال کے چیف میڈیکل سپریٹنڈنٹ دیواکڑ سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ مریضوں اور اسٹاف کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لیے پنکھوں، کولرز اور ایئر کنڈیشنرز کا انتظام کر لیا گیا ہے جب کہ مریضوں میں اضافے کے سبب ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے اسٹریچرز کی کمی کا سامنا ہے۔بھارت کے محکم موسمیات کے مطابق بالیا میں جمعے کو درجہ 42.2 ڈگری تھا جو کہ معمول کے درج حرارت سے چار اعشاریہ سات ڈگری زیادہ تھا۔دوسری طرف بھارتی ریاست بہار میں بھی شدید گرمی کے سبب 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے ریاستی دارالحکومت پٹنا میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 34 تھی جب کہ دیگر اضلاع میں 9 افراد گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے 11 اضلاع میں ہفتے کو درجہ حرارت 44 ڈگری سے زیادہ تھا جب کہ پٹنا میں درجہ حرارت 44 اعشاریہ سات ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ  موسمیات کے مطابق بہار میں سے زیادہ درجہ حرارت شیخوپورہ میں 45.1 ریکارڈ کیا گیا۔