بہار، اتر پردیش ،ہریانہ اور پنجاب کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا پر حملے
انتہا پسند ہندو کشمیری طلبا  کے کمروں میں گھس آئے توڑ پھوڑ کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا
ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک بھارتی شکست کے بعد حملے ہوئے

نئی دہلی( ویب نیوز )ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کھانے کے بعد انتہا پسند ہندووں نے  بہار، اتر پردیش ،ہریانہ اور پنجاب کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا پر حملے کر کے انہیں زخمی کر دیا گیا۔ کئی جگہوں پر زیر تعلیم کشمیری طالبعلموں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے ہاسٹل کے کمروں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضلع سنگرر میں بھائی گورداس انسٹیٹیوٹ آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالبعلموں نے میچ کے بعد ہاسٹل کے اندر سے ہی ان پر ہوئے حملوں کی ویڈیو شیئر کیں جبکہ کھرر کے علاقے میں رایت بھارت یونیورسٹی میں بھی طالبعلموں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔جموں کشمیر اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان ناصر کہویہامی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سنگرر اور کھرر میں تشدد کا نشانہ بننے والے کشمیری طلبا نے مجھے بتایا کہ بہار، اتر پردیش اور ہریانہ سے تعلق رکھنے والے طلبا ان کے کمروں میں گھس آئے توڑ پھوڑ کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔انہوں نے ایک ٹوئٹ میں تشدد کا نشانہ بننے والے طلبا کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ناصر کہویہامی نے یہ بھی بتایا کہ جس کالج میں کشمیری طلبا پر تشدد ہوا اس کا نام بتانے پر انہیں حکام کی جانب سے مقدمہ درج کروانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلی عمر عبداللہ نے بھی ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پنجاب کے کالج میں کچھ کشمیری طلبا کے خلاف جسمانی اور زبانی حملوں کے واقعات کے بارے میں سن کر دکھ ہوا۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے پولیس کو اس معاملے کو دیکھنے اور پنجاب میں زیر تعلیم طالبعلموں کو ان کے تحفظ سے متعلق یقین دلانے کی ہدایت کی ہے۔سنگرر کالج کی ایک ویڈیو میں طالبعلموں نے بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ نے یو پی سے تعلق رکھنے والے طلبا کے گروپ کو ان کے کمروں میں آنے اور تشدد کرنے دیا۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق بعدازاں پنجاب پولیس کے عہدیدار کالج پہنچے اور کشمیری طالبعلموں سے بات چیت کی۔ایک سینئر پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ کالج میں 90 کشمیری جبکہ 30 یو پی کے طالبعلم زیر تعلیم ہیں اور میچ ختم ہونے کے بعد یو پی اور بہار کے طلبا کشمیریوں کے کمروں میں گھس گئے اور لڑائی کی۔۔علاوہ ازیں موہالی کھرر میں بھی پاک بھارت میچ کے بعد 4 کشمیری طلبا پر ہریانہ سے تعلق رکھنے والے غنڈوں نے تشدد کیا۔خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میچ میں بھارت کو ہر شعبے میں آٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔