ملک بھر میں شدید گرمی ، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل، شہری بلبلااٹھے

 شہروں میں 5 سے 8 جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی

شہریوں کا شدید گرمی کے موسم میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ

  اسلام آباد ،کراچی،کوئٹہ( ویب  نیوز) ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،شہری بلبلااٹھے ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھ گئی ،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ شہروں میں 5 سے 8 جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی۔ بعض علاقوں میں دورانیہ بارہ گھنٹے سے بھی بڑھ گیا۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت  44ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز سیون، لیاری سنگولین، چاکیواڑہ، رنچھوڑلائن میں بجلی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ مستثنیٰ علاقوں میں ایک سے تین گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ۔ گلشن معمار، ایف بی ایریا بلاک ٹو، نارتھ ناظم آباد بلاک کے بجلی بند رہی۔ شکایت کرنے پر بجلی بندش مقامی فالٹ کا نتیجہ بتایا گیا۔صارفین نے کہا کہ بار بار شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا رہی،  عزیزآباد بلاک آٹھ، نیو کراچی، سرجانی ٹائون میں بھی شہریوں کو بجلی بندش کا سامنا رہا ۔ گورنر سندھ، وزیر توانائی اور اب نیپرا نے بھی نوٹس لیا لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو اب تک ریلیف نہ مل سکا۔کوئٹہ میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔ شہر کے وسطی علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے جبکہ نواحی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام بلبلا بلا اٹھے، شہریوں نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

 گوجرانوالہ میں گرمی کی شدت کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس نے عوام کی خدمت کے لیے ٹریفک سگنلز پر شربت کی سبیلیں لگا دیں جس کے بعد چالان کے ساتھ ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کو ٹھنڈا اور میٹھا شربت بھی پلائیں گے۔اس حوالے سے چیف ٹریفک پولیس آفیسر نے کہا کہ گرمی میں اہلکاروں نے دوران ڈیوٹی شربت کی سہولت کا کہا تھا۔چیف ٹریفک پولیس آفیسر نے کہا کہ ہم نے مخیرحضرات کے تعاون سے اہلکاروں اور شہریوں کو شربت پلانے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب گوجرانوالہ شہر میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔گوجرانوالہ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ شہروں میں 6 اور دیہاتی علاقوں میں 8 گھنٹے ہے۔