مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے اسٹیشن پرڈ ورن حملے، 2 اہلکار زخمی

ڈورن کے ذریعے دو دھماکے پانچ منٹ کے وقفے سے کیے عمارت کی چھت تباہ ہو گئی

ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کردی گئیں،دھماکوں کے شبہ میں 2 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا

دھماکے کے وقت ایئرپورٹ پر اعلی سطح اجلاس جاری تھا ، پولیس نے دھماکوں کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیدی

جائے وقوعہ سے 5 سے 6 کلو وزنی بارودی مواد ملا ہے، شبہ ہے یہ ائیر فیلڈ میں ڈرون کے ذریعے گرایا گیا تھا،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس

دھماکوں کے بعد امبالا، پٹھان کوٹ اور آونتی پورا میں ایئرفورس اسٹیشنز کو ہائی الرٹ کردیا گیا،بھارتی میڈیا

جموں(ویب  نیوز) مقبوضہ کشمیر میں جموں ایئرپورٹ پر قائم بھارتی فضائیہ کے اسٹیشن پر ڈرون کے زریعے دو دھماکوں میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے اورعمارت کی چھت تباہ ہو گئی، دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا اور بھارتی سیکیورٹی افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق جموں ایئرپورٹ پر انڈین ایئر فورس کے ایک اسٹیشن میں مبینہ طور پر ڈورن کے ذریعے دو دھماکے پانچ منٹ کے وقفے سے کیے گئے جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ تمام پروازوں کو معطل کردیا گیا۔ دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ جائے وقوعہ پر میڈیا سمیت کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایمبولینسوں کو جائے وقوعہ کے اندر داخل ہوتے دیکھا گیا۔بھارتی ایئر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکوں کے نتیجے میں کسی ساز و سامان کو نقصان نہیں پہنچا ۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں بتایا گیا کہ ایک دھماکے سے عمارت کی چھت کو معمولی نقصان پہنچا البتہ دوسرا دھماکا کھلے مقام پر ہوا ، سول اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں۔بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکا بھارتی وقت کے مطابق ایک بج کر 37 منٹ پر جبکہ دوسرا ایک بج کر 42 منٹ پر ہوا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2 افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دھماکے کے فوری بعد فارنزک ماہرین کی ایک ٹیم اور ایک بم ڈسپوزل ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھجوادیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پورے جموں ڈویژن میں ایک الرٹ کی آواز بھی سنی گئی۔دھماکوں سے تعلق کے شبہے میں 2 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک ملزم کو پولیس نے ٹریکوٹا نگر پولیس تھانے کی حدود میں ایک شاپنگ سینٹر کے نزدیک سے گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ایک دھماکا خیز ڈیوائس بھی قبضے میں لی گئی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے 5 سے 6 کلو وزنی بارودی مواد ملا ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ ائیر فیلڈ میں ڈرون کے ذریعے گرایا گیا تھا۔اے ڈی جی پولیس نے مزید کہا کہ ایسا ہی بارودی مواد شدت پسند تنظیم کی جانب سے ایک پرہجوم مقام پر بھی نصب کیا گیا تھا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسے ناکارہ بنادیا تھا۔دھماکے کے وقت ایئرپورٹ پر اعلی سطح اجلاس جاری تھا جبکہ پولیس نے دھماکوں کو دہشت گردی کی کاروائی قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔رپورٹ کے مطابق یہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈرون کے زریعے ہونے والا پہلا حملہ ہے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق دھماکوں کے بعد امبالا، پٹھان کوٹ اور آونتی پورا میں ایئرفورس اسٹیشنز کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔