پشاور۔۔اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے مالی سال 2021-22کے بجٹ سے متعلق سینٹ کا اجلاس
پشاور( ویب نیوز)گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کی ہدایت پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم واطلاعات وتعلقات عامہ کامران بنگش کی صدارت میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے مالی سال 2021-22کے بجٹ سے متعلق سینٹ کا اجلاس منگل کے روز گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا، اجلاس میں مذکورہ یونیورسٹی کے مالی سال 2021-22کے بجٹ کی ترجیحات اور تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے بڑھتے ہوئے مالی خسارے اور پنشن و تنخواہوں کی مد میں اخراجات سے متعلق یونیورسٹی کے مالی پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی مالی مسائل پر قابو پانے اور بجٹ معاملات کو بہتر بنانے کے لئے یونیورسٹی کے اثاثوں سمیت دیگر موجودہ وسائل کے درست استعمال پر بھی زور دیا گیا، اجلاس میں یونیورسٹی کے مالی سال بجٹ 2021-22پر محکمہ خزانہ، اسٹیبلشمنٹ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعتراضات پر اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کی مذکورہ محکموں کے اعتراضات و تحفظات دور ہونے پر مشروط منظوری دے دی گئی، بعد ازاں منگل کے روز ہی وزیر زراعت ولائیوسٹاک محب اللہ خان کی صدارت میں زرعی یونیورسٹی پشاور کے مالی سال 2021-22کے بجٹ سے متعلق سینٹ اجلاس بھی گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہوا جس میں یونیورسٹی کے مالی سال 2021-22کے بجٹ کی ترجیحات و تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں زرعی یونیورسٹی پشاور کو گرانٹ کی مد میں ملنے والے فنڈز کے علاوہ یونیورسٹی کے ترقیاتی امور کے لئے مالی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، سینٹ اجلاس میں زرعی یونیورسٹی کے مالی سال 2021-22کے بجٹ پر سینٹ ارکان اور محکمہ خزانہ، ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کچھ اعتراضات اٹھائے گئے جس کی وجہ سے زرعی یونیورسٹی پشاور کے مالی سال2021-22کے بجٹ کی اعتراضات و تحفظات دور کرنے پر مشروط منظوری دے دی گئی۔ مذکورہ یونیورسٹیوں کے الگ الگ سینٹ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمد ادریس، سیکرٹری محکمہ زراعت محمد اسرار، سیکرٹری محکمہ ہائرایجوکیشن محمد داؤد خان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیر احمد، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر گل مجید خان، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کے علاوہ دیگر متعلقہ سینٹ اراکین نے شرکت کی۔