لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکتے۔یوم شہدائے کشمیر پر پیغام میں عثمان بزدار نے کہا کہ13 جولائی 1931 ء کو شہید کیے جانے والے کشمیری موذنوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، کشمیری موذنوں کو شہید کر کے ڈوگرہ راج نے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ظلم و ستم کا شکار ہیں، یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی لازوال جدوجہد، زبردست مزاحمت اور بے مثال قربانیوں کی ایک تاریخ ہے، بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا نہیں سکے۔کشمیری اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کر رہے ہیں، ان کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔