اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ایل پی جی مزید پانچ روپے فی کلو مہنگی کردی گئی جس کے بعد دوروز کے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو کااضافہ ہو گیا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے بغیر یہ اضافہ کیا گیا۔ اوگرا نے جولائی کے لئے یہ قیمت 160روپے فی کلو مقررکی گئی تاہم ملک میں ایل پی جی کی قیمت 170روپے فی کلو ہو گئی ۔ دو روز میں 10روپے فی کلو اضافہ کے بعد گھریلو استعمال کے سلنڈر کی قیمت 50روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 220روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ اس وقت گھریلو سلنڈر کی قیمت دو ہزار روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 7715روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی ایسوسی ایشن نے 18جولائی کو کنوینشن طلب کر لیا جس میں اس حوالہ سے مزید معاملات دیکھے جائیں گے۔