اسٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار حصص میں مندی

مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں ایک ارب87کروڑ روپے سے زائد کا خسارہ ہوگیا

کراچی(ویب  نیوز)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں  رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو کاروبار حصص میں مندی رہی  اورکے ایس ای100انڈیکس 47800پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گیا   ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں ایک ارب87کروڑ روپے سے زائد کا خسارہ ہوگیا۔   جبکہ گزشتہ پیر کی نسبت کاروباری حجم بھی کم رہا  ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو  پیٹرولیم ،گیس ،ٹیلی کام ،پاور،کمیونیکیشن سمیت دیگر کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے باوجود شیئرز مارکیٹ مندی سے دوچار ہوگئی۔حالانکہ ایک موقع پر مارکیٹ 47900کی سطح کو عبور کرتے ہوئے47947پوائنٹس تک بھی پہنچی تاہم تینیکی کریکشن کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے منافع ملتے ہی شیئرز کو فروخت کیا جس سے مارکیٹ خسارے میں چلی گئی اور ایک موقع پرانڈیکس تقریباً180پوائنٹس کم ہوکر47691پوائنٹس تک بھی آیا  تاہم کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں 80.19پوائنٹس  گھٹ کر 47793.07پوائنٹس  رہ گیا۔  کے ایس ای30انڈیکس31.94پوائنتس کمی کے بعد19161.24پوائنتس،کے ایس ای آل شیئر ز انڈیکس 7.30پوائنٹس کے خسارے سے32627.84پوائنٹس  اور کے ایم آئی30انڈیکس108.65پوائنتس کی کمی کے بعد77633.54پوائنٹس پربندہوا  ۔کاروباری میں کمی کے سبب مارکیٹ  کا مجموعی سرمایہ1ارب87کروڑ10لاکھ55ہزار954روپے  گھٹ کر 83کھرب63ارب24کروڑ56لاکھ 43ہزار206روپے رہگیا ۔ مارکیٹ میں  جمعہ کو31کروڑ41لاکھ63ہزار514 حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ پیر کو32کروڑ9لاکھ78ہزارسے زائد حصص کے سودے ہوئے تھے۔  مجموعی طور پر417کمپنیوں کا روبار ہوا جس میں سے160کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،237میں کمی اور 20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے بائیکو پیٹرولیم3کروڑ40لاکھ ڈینڈوٹ ( آر ) 2کروڑ39لاکھ ، پیس پاک لمٹیڈ2کروڑ25لاکھ ,سوئی سدرن گیس2کروڑ10لاکھ ،ورلڈ کال ٹیلی کام2کروڑ8لاکھ اور ٹریٹ کارپوریشن 1کروڑ5ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے نمایاں اضافہ نیسلے پاکستان اورکولگیٹ پامولیو کے شیئرز کے بھائومیں رہا جن کی قیمتیں70روپے اور47.53روپے بڑھ کر بالترتیب5960روپے اور2698روپے ہوگئیں جبکہ سب سے زیادہ کمی تھل انڈسٹریز اورکے ایس بی پمپس  کے حصص کے داموں میں رہی جنکے بھائو21.51روپے اور19.40روپے کم ہوکر بالترتیب279.49روپے اور274.93روپے رہ گئے۔