کامسٹیک اور آئی سی جی ای بی کا سائنس کی ترقی کے لئے مشترکہ جد و جہد کا معاہدہ
اسلام آباد (ویب نیوز ) کامسٹیک نے بین الاقوامی مرکز برائے جینیٹک انجینئرنگ اینڈ بائیوٹیکنالوجی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس سے دونوں اداروں کے درمیان باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ ثقافتی ، سائنسی اور باہمی رابطے کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
دونوں اداروں نے نئی ٹیکنالوجیز ، جدید جینومکس ، بائیوٹیکنالوجی اور حیاتیات جیسے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے سائنس ، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
کامسٹیک اور آئی سی جی ای بی مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مشترکہ فیلو شپس اور گرانٹ اسکیموں سمیت سائنس کانفرنسوں اور سیمینارز میں طلباء اور سائنس دانوں کی شرکت کے لئے مدد فراہم کریں گے اور سائنسی اور تکنیکی معلومات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کے لئے تعاون کریں گے۔
آئی سی جی ای بی ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو بین الاقوامی برادری کو جینیاتی انجینئرنگ اور بائیوٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق ، تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے ایک سنٹر آف ایکسیلینس مہیا کرتی ہے۔ ، جو اپنے ممبر ممالک کو 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے کے حصول کی طرف پیشرفت میں مدد فراہم کرتا ہے۔
کومسٹیک او آئی سی کے سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق وزارتی قائمہ کمیٹی ہے۔ پاکستان کے صدر کامسٹیک کے چیئرمین ہیں۔ کامسٹیک کا بنیادی مینڈیٹ سائنس اور ٹیکنالوجی میں او آئی سی کے ممبر ممالک کے مابین تعاون کو مستحکم کرنا ، اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانا ، او آئی سی کی قراردادوں پر عمل درآمد اور سائنس اور ٹیکنالوجی میں او آئی سی کے ممبر ممالک کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے پروگرام تیار کرنا ہے۔