پاکستان ریلوے کی 34 مسافرٹرینوں کی نجکاری کردی گئی

نجکاری میں نجی کمپنیوں کی عدم دلچسپی کے باعث 17 ٹرنیوں میں سے 11مسافر ٹرینوں کی سنگل بڈ آگئی

6ٹرینوں کیلئے ایک سے زائد کمپنیوں نے بولی دی، پاکستان ریلوے کی کمپنی پراکس نے 8ٹرینیں حاصل کیں

اسلام آباد( ویب  نیوز) پاکستان ریلوے کی 34مسافر ٹرینوں کی نجکاری کردی گئی۔ ٹرینوں کی نجکاری کے حوالے سے موصول ہونے والی 17مسافرٹرنیوں کی فنانشل بڈ کھول دی گئی، نجکاری میں نجی کمپنیوں کی عدم دلچسپی کے باعث 17 ٹرنیوں میں سے 11مسافر ٹرینوں کی سنگل بڈ آگئی، 6ٹرینوں کیلئے ایک سے زائد کمپنیوں نے بولی دی۔17میں سے پاکستان ریلوے کی کمپنی پراکس نے 8ٹرینیں حاصل کی ہیں جن میں تیز گام، ہزارا، ملت، کراکرم، پاکستان، سنک رفتار اور لاثانی ایکسپریس شامل ہیں۔ قراقرم ٹرین کیلئے 184، تیزگام 158، ملت ایکسپریس 118، پاکستان ٹرین کیلئے 133کروڑ بولی دی گئی۔ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ بولی لاہورکراچی لاہورکے درمیان چلنے والی قراقرم کے لئے ریلوے کی ذیلی کمپنی پراکس نے 1ارب 84کروڑ روپے سالانہ بولی دی، اسی طرح پراکس نے راولپنڈی کراچی راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تیزگام کیلئے 1ارب 58کروڑ روپے، لاہور کراچی لاہور کے لئے چلنے والی ملت ایکسپریس کے لئے 1ارب 18کروڑ 50لاکھ، سیالکوٹ کراچی سیالکوٹ کے درمیان چلنے والی علامہ اقبال ایکسپریس کے لئے 1ارب 14کروڑ 69لاکھ، راولپنڈی کراچی راولپنڈی کے درمیان چلنے والی پاکستان کے لئے 1 ارب 33کروڑ10 لاکھ روپے کی بولی دی ہے۔اسی طرح ایس ایس آر کمپنی نے لاہور کراچی لاہور کے درمیان چلنے والی شاہ حسین ایکسپریس کے لئے 1 ارب 26کروڑ60لاکھ، پشاورکراچی پشاور کے درمیان چلنے والی رحمان بابا کے لئے 1ارب 26کروڑ، ملتان کراچی ملتان کے درمیان چلنے والی زکریا کیلئے98 کروڑ، اسلام آباد لاہور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس کے لئے 25کروڑ اور میانوالی ایکسپریس کے لئے 90کروڑ روپے سالانہ کی بولی دی ہے۔ راس لاجسٹک کمپنی نے پشاور کوئٹہ پشاورکے درمیان چلنے والی جعفر کے لئے 1ارب 60کروڑ، لاہور راولپنڈی لاہورکے درمیان چلنے والی سبک خرام کے لئے 25 کروڑ70 لاکھ روپے بولی دی ہے ، عمران انٹر پرائزکمپنی نے غوری ایکسپریس کے لئے 9کروڑ30لاکھ روپے بولی دی ہے۔