یہ سارے ٹھپے لگانا اور بیلٹ بھرنا اور ایک ، ایک گھر میں 100،100جعلی ووٹ رجسٹرڈ کروانا سب ختم ہو جائے گا

وزیر اعظم کا نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر نئے نادرا رجسٹریشن سینٹر اور نئی نادرا رجسٹریشن وین کا افتتاح کر نے کے بعد خطاب

اسلام آباد  (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے معاشرے میں جو فراڈ ہوتا ہے اور جو الیکشن میں فراڈ ہوتا ہے اس سارے کا حل ٹیکنالوجی ہے۔ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی ان دونوں کا استعمال کرکے ہم پاکستان میں انشاء اللہ پہلی دفعہ الیکشن بھی ایسا کروائیں گے جو سب نتائج قبول کر لیں گے اوراس کی وجہ یہ ہو گی کہ ٹیکنالوجی کو ڈیٹا کے ساتھ منسلک کر دیں گے اور یہ سارے ٹھپے لگانا اور بیلٹ بھرنا اور ایک ، ایک گھر میں 100،100جعلی ووٹ رجسٹرڈ کروانا سب ختم ہو جائے گا۔ جیسے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں آجائیں گی اس کے ساتھ نادرا کا ڈیٹا ٹیلی کر کے ہم با لکل 21ویں صدی کا الیکشن کروائیں گے اور وہ الیکشن سب قبول کریں گے۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم عمران خان نے نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر نئے نادرا رجسٹریشن سینٹر اور نئی نادرا رجسٹریشن وین کا افتتاح کر نے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے نئی نادرا رجسٹریشن وین کا افتتاح نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور چیئرمین نادرا محمد طارق ملک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے وزیر اعظم عمران خان کو نئی نادرا رجسٹریشن وین میں عوام کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالہ سے برفینگ بھی دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے پاس 30لاکھ افغان مہاجرین ہیں جبکہ اس کے علاوہ بھی ہمارے پاس کچھ لوگ ہیں جو رجسٹرڈ نہیں ہیں اور وہ پھر سارے نان سیٹیزن بن جاتے ہیں اگر ان کے پاس کوئی شناخت ہی نہ ہو۔ نادرا جو ایلین رجسٹریشن کارڈ بنا رہا ہے اس کی وجہ سے وہ لوگ مین سٹریم میں آجائیں گے اور وہ بینک میں پیسے رکھوا سکیں گے اور کاروبارکرسکیں گے اور وہ معیشت کا حصہ بن جائیں گے اور وہ غیر قانونی کاموں سے وہ بچ جائیں گے۔