سیرت النبیۖ ہی ہماری نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہے، عمران خان

 نبی ۖ کی سیرت کا اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے،نصاب تعلیم میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں لائی جائیں

رسول اللہۖ کی حیات مبارکہ سے ماخذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے جائیں،اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (ویب  نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیرت النبیۖ ہی ہماری نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہے ، نصاب تعلیم میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں لائی جائیں۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم پر عمل سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا،وفاقی وزیر شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، پارلیمانی سیکرٹری محترمہ وجیہہ اکرم اور وفاقی وزارت تعلیم کے سینئر افسران نے شرکت کی۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت النبی ۖکی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ۖ کی تعلیمات میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ نصاب کے حوالے سے تمام مکاتب فکر خصوصاً علما کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی، اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیرت النبیۖ ہی ہماری نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے اور نبیۖ کی سیرت کا اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے۔ انہوں ہدایت کی کہ رسول اللہۖ کی حیات مبارکہ سے ماخذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے جائیں اور یکساں نصاب تعلیم پر عمل صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کیا جائے۔وزیر اعظم نے وزارت تعلیم کی قومی نصاب پر عمل کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نصاب تعلیم پر عمل کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور نصاب تعلیم میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی تا بارہویں کے لیے نصاب کو رواں سال کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے۔