کراچی (ویب ڈیسک)

ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی ) کے صدر اسماعیل ستار نے پاکستان سے اونٹ کے گوشت کی برآمدات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوشت کی برآمدات کے حوالے سے یہ واقعی ایک اچھی خبر ہے کہ پاکستان دنیا میں اونٹ کے گوشت کا سب سے بڑا برآمد کنندہ بن گیا ہے۔ اگرچہ یہ تعداد صرف 2.60 ملین ڈالر ہے لیکن درحقیقت پاکستان نے ترقی کی ہے اور حلال اونٹ کے گوشت کی برآمد ات میں عالمی کھلاڑی بننے کے لیے تیار ہے۔ایک بیان میں اسماعیل ستار نے اونٹ کے گوشت کی برآمد کو غیر روایتی برآمد قراردیتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد سے درخواست کی کہ وہ گوشت برآمد کرنے والوں کے ساتھ فوری طور پر ایک سیشن کا انعقاد کریں تاکہ تمام جی سی سی ممالک کو اونٹ کے گوشت کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے جبکہ ایک مربوط حکمت عملی کے نتیجے میں اس مالی سال کے دوران کم از کم 5 ملین ڈالر کی برآمدات ہو سکتی ہیں۔انہوں نے گوشت کے پاکستانی برآمد کنندگان کو مشورہ دیا کہ وہ اعلیٰ کوالٹی کنٹرول کے ساتھ ساتھ مناسب پیکیجنگ اور بروقت ترسیل کو ضرور یقینی بنائیں جس سے غیر ملکی خریداروں کا پاکستانی برآمدکنندگان پر اعتماد بڑھے گا۔ اساعیل ستار نے ای ایف پی کی اقتصادی کونسل کی جانب سے وزارت تجارت، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان( ٹی ڈی اے پی) اور حلال گوشت کے برآمد کنندگان کو نئی منڈیوں کی تلاش اور اونٹ کے گوشت کی برآمد کو فروغ دینے میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی تاکہ مشترکہ کوششوں سے غیر ملکی منڈیوں میںدستیاب مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان سے حلال گوشت کی برآمدات کو فروغ دیا جاسکے۔