لاہور  (ویب نیوز)

تاجر رہنما  و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ وسابق ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس  نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اٹلی کو پاکستانی برآمدات میں40.15اور اٹلی سے درآمدات میں35.63 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے ۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران اٹلی کو برآمدات سے ملک کو1.085ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو مالی سال 2021کے مقابلہ میں40.15فیصد زیادہ ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ حکومت  برآمدات کے اہداف پورا کرنے کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائے ۔مہنگی بجلی ،گیس سے صنعتی شعبہ کی پیداوای لاگت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے بیرون ملک پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی سے برآمدات متاثر ہورہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اٹلی کے ساتھ توانائی، سٹیل، کیمیکلز ،مائننگ اور دیگر بہت سے شعبوں میں کام سے ملک میں خوشحالی و ترقی آئے گی کیونکہ اٹلی سو فیصد توانائی متبادل ذرائع سے پیدا کررہا ہے اٹلی سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے ملکی برآمدا ت اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ماربل انڈسٹری میں اٹلی کے تجربہ سے ملکی ماربل انڈسٹریز ترقی کرے گی او ر ماربل کی بیرون ملک برآمدات سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔