ایشیائی ترقیاتی بینک کا فیصل آباد میں 20۔ارب روپے کی لاگت سے مشرقی حصے میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا فیصلہ

فیصل آباد(ویب  نیوز)ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے فیصل آباد میں 20۔ارب روپے کی لاگت سے مشرقی حصے میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے فیصل آباد کے ماحولیاتی مسائل حل ہو سکیں گے۔ واسا میں ایشیائی ترقیاتی بینک نمائندوں اور مختلف محکموں کے افسران سے میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی کی جانب سے فیصل آباد کے مشرقی

حصے میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی پلاننگ تشکیل دی تھی جس کی پیشرفت کے لئے آج اجلاس ہوا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اے ڈی بی اس میگا پراجیکٹ کے لئے 20۔ارب روپے کی گرانٹ فراہم کریگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے اس پروگرام کے 4 مراحل ہونگے جس میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب،شہر کی بیوٹیفکیشن اینڈ ہارٹیکلچر،متعلقہ افسران اور سٹاف کی کیپسٹی بلڈنگ اور انوائرمنٹ پروٹیکشن کی امپروومنٹ شامل ہے۔ مینجبگ ڈائریکٹر واسا جبار انور  نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے اس میگا پراجیکٹ کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا جسے چلانا واسا کی ذمہ داری ہو گی اس کے ساتھ ساتھ زرعی ریسرچ فارم بنائے جائیں گے،کھرڑیانوالہ انڈسٹری کو اس ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے فیصل آباد میں ماحولیاتی مسائل حل ہو سکیں گے۔