بھارت کسی بھی دہشتگرد قوت کو استعمال کرسکتا ہے، شیخ رشید

طالبان نے یقین دلایا ہے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگا

پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا ہے،اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں

لانگ مارچ کا جب وقت آئے گا فیصلہ کریں گے،پی ڈی ایم کی سیاست میں ٹائمنگ اور ٹیوننگ غلط ہے

اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ پھنس جائیں گے، 2 سالوں میں نیب کے کیسز کا بھی فیصلہ ہوجانا ہے

دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے اردگرد ہورہی ہے، افغانستان صورتحال پر گہری نظر ہے

اب تک پاکستان آنے والے افغانوں میں سے کسی کو بھی اب تک پناہ گزین کی حیثیت نہیں دی گئی

 برطانیہ کو ہمیں ریڈ لسٹ سے نکالنا چاہئے، اس کے علاوہ نواز شریف آئیں 24 گھنٹے میں پاسپورٹ دیں گے، وزیرداخلہ کی پریس بریفنگ

اسلام آباد ( ویب  نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن بھارت کسی بھی دہشتگرد قوت کو استعمال کرسکتا ہے،طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگا، پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا ہے، لانگ مارچ کا جب وقت آئے گا فیصلہ کریں گے، اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں، دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے اردگرد ہورہی ہے، پی ڈی ایم کی سیاست میں ٹائمنگ اور ٹیوننگ غلط ہے، اب تک پاکستان آنے والے افغانوں میں سے کسی کو بھی اب تک پناہ گزین کی حیثیت نہیں دی گئی ہے، مہاجر کے طور پر ایک بھی شخص پاکستان نہیں آیا ہے ۔وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے اور ہم اپنی قومی سلامتی کی ذمہ داریوں اور بین الاقوامی تقاضوں کو بھی پورا کریں گے،

ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے ملک میں امن کے قیام کے لیے جدوجہد کی ہے، پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے،افغانستان صورتحال پر گہری نظر ہے، ہم نے 2ہزار 600کلومیٹر طویل بارڈر پر باڑ لگائی ہے، داعش کی طالبان سے پرانی لڑائی ہے، طالبان نے داعش کو غزنی میں شکست دی، داعش کنڑ، نورستان کے پہاڑوں اور ننگر ہار کے علاقوں میں ہوگی، ٹی ٹی پی بھی کنٹر اور نورستان کے پہاڑوں پر ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، بارڈر پر پاکستان کی فوج موجود ہے، ایک ایک انچ پر عظیم افواج موجود ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان سے آنے والوں کے لیے 21دن اور ایک ماہ کے ٹرانزٹ ویزے دے رہے ہیں، افغانستان سے آنے والوں کے لیے پورے پاکستان کی بجائے صرف اسلام آباد تک ٹرانزٹ ویزے کا سلسلہ محدود ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک کسی ایک افغانی کو مہاجر کا درجہ نہیں دیا گیا، افغانستان سے چمن میں آنے والے شام کو واپس چلے جاتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے شور مچادیا کہ امریکیوں کے لئے ہوٹل خالی کر دیئے، انہیں چاہیے کہ وہ سمجھداری کا مظاہرہ کریں، ہمیں ایک اور نیک ہوکر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرنا چاہیے۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کے آگے کچھ نہیں، اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ پھنس جائیں گے، 2 سالوں میں نیب کے کیسز کا بھی فیصلہ ہوجانا ہے، انہیں اس وقت قومی ذمہ داری کو سمجھنا چاہیے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دینی علما کو کہنا چاہتا ہوں کہ چھوٹے چھوٹے فقہی مسئلوں سے باہر نکل کر پاکستان کی امیج کو بہتر بنائیں اور ایک اور نیک ہوکر پاکستان کی حفاظت کریں ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے حوالے سے ان کی ٹائمنگ غلط ہے، یہ باشعور ملک ہے عوام کو پتہ ہے کہ اس وقت کس قسم کے بحران کا سامنا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بدل گیا ہے اب ہماری سیاست بھی بدلنے جا رہی ہے، اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں، دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے اردگرد ہورہی ہے، بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہے ، بھارتی میڈیا پر جو پاکستان کے خلاف پروگرام ہورہے ہیں وہ انتہائی بے ہودہ اور غیر ذمہ دارانہ ہیں،پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا ہے اور پی ڈی ایم لاری اڈہ لاری اڈہ کررہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ برطانیہ کو ہمیں ریڈ لسٹ سے نکالنا چاہئے، اس کے علاوہ نواز شریف آئیں 24 گھنٹے میں پاسپورٹ دیں گے۔