لاہور(ویب  نیوز)

آئی جی پنجاب انعام غنی نے صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلینس سیل قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے زریعے آر پی اوز کانفرنس ہوئی، جس میں خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام پر بات چیت کی گئی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن مقدمات کی تیز رفتار تفتیش کی مانیٹرنگ کریں گے، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل کی مانیٹرنگ کریں گے۔انعام غنی نے کہا کہ اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلینس سیل کو ایک ہفتے میں فعال بنایاجائے، اضلاع میں خصوصی سیل سی پی اوز اور ڈی پی اوز کی نگرانی میں کام کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین کی کالز پر 15منٹ میں ریسپانس یقینی بنایا جائے گا، جبکہ لیڈی پولیس اہلکار سپورٹ آفیسر کے فرائض انجام دیں گی۔