عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل پولیس افسران ہمارے ہیرو ہیں،عثمان بزدار
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ڈی جی خان ڈویژن کے 7 پولیس افسران نے ملاقات کی، عثمان بزدار نے پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا اور تعریفی سر ٹیفکیٹ دیئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے امن و عامہ کے لئے شاندار کارکردگی پر پولیس افسروں کو شاباش دی اور آر پی او ڈی جی خان محمد فیصل رانا، ڈی پی او عمر سعید ملک، ایس پی انویسٹی گیشن حسن جاوید بھٹی، ڈی ایس پی صدر سرکل ناصر علی ثاقب، سب انسپکٹر جعفر حبیب، اے ایس آئی جواد احمد اور اے ایس آئی ارشد علی کو تعریفی سر ٹیفکیٹ دیئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی پر پولیس افسرو ں کی کارکردگی کی تعریف کی۔اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل پولیس افسران ہمارے ہیرو ہیں، ایسے پولیس افسران پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں، حکومت بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، مظلوم کی داد رسی پولیس کا بنیادی فرض اور ذمہ داری ہے، آر پی او ز اور ڈی پی اوز سمیت پولیس افسر تھانوں کی موثر مانیٹرنگ جاری رکھیں، ہر ضلع میں خواتین پر تشدد کے سد باب کیلئے خصوصی سیل قائم کئے گئے ہیں۔